محب مرزا اور اداکارہ آمنہ شیخ میں ’علیحدگی‘ ہو گئی

Last Updated On 06 November,2019 02:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار محب مرزا اور اداکارہ آمنہ شیخ پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے بڑے فنکاروں میں سے ایک ہیں، دونوں ایک ہی وقت میں انڈسٹری میں آئے تھے، نجی ٹی وی کے شو میں آمنہ شیخ اس وقت پروڈیوسر تھیں جبکہ محب مرزا میزبان تھے۔ دونوں ایک دوسروں کو سکول لائف سے جانتے تھے دونوں نے تھیٹر میں ایک ساتھ ہی انٹری ڈالی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار محب مرزا کا تعلق اردو سپیکنگ خاندان سے تھا جو کراچی میں رہتے تھے جبکہ اداکارہ آمنہ شیخ پنجابی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں ان کا خاندان پنجاب کے بڑے اضلاع میں سے ایک گوجرانوالہ سے تعلق رکھتا تھا۔ انہوں نے اپنا بچپنا سعودی عرب میں گزارا جبکہ نو عمری میں شہر قائد چلی آئیں۔ یہاں پر کچھ دن قیام کے بعد انہوں نے اعلیٰ پڑھائی کے لیے امریکا کا رُخ کیا۔

دونوں ایک دوسرے کو اچھے دوست سمجھتے تھے، لیکن خبر آئی ہے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے، 2005ء میں شادی کرنے والے جوڑے کے ہاں 2015ء میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب جوڑے کے ہاں شادی کے 10 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش کے بعد جوڑے کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا۔

شادی کے بعد دونوں نے متعدد ڈراموں اور دیگر شوبز منصوبوں میں ایک ساتھ کام بھی کیا اور دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا جاتا رہا۔ محب مرزا اور آمنہ شیخ کی جوڑی کا شمار طویل عرصے تک ایک ساتھ رہنے والی جوڑیوں میں ہوتا تھا،

گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کو ایک ساتھ نہ دیکھے جانے کی وجہ سے چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں کہ دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے اور اب اداکار محب مرزا نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔

نجی چینل کے پروگرام میں محب مرزا نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے تٓصدیق کی کہ وہ اپنی اہلیہ سے الگ ہو گئے ہیں۔

محب مرزا نے مختصر کہا کہ انہیں اور آمنہ شیخ کو ایک ہی بچی ہے، تاہم اب وہ ایک ساتھ نہیں رہتے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے۔

محب مرزا نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے اور آمنہ شیخ کے درمیان کب سے اور کس وجہ سے علیحدگی ہوئی اور نہ ہی انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ ان کے درمیان طلاق ہوئی یا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ اب وہ اور آمنہ شیخ ساتھ نہیں رہتے۔

 

پروگرام کے میزبان نے محب مرزا کو بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں ان دونوں کی علیحدگی کے حوالے سے کچھ وقت سے چہ مگوئیاں چل رہی تھیں اور انہوں نے ان ہی چہ مگوئیوں کی وجہ سے ان سے ذاتی سوال پوچھا۔

ساتھ ہی احسن خان نے محب مرزا کو بتایا کہ چونکہ وہ اور آمنہ شیخ میزبان کے اچھے دوست ہیں، اس لیے انہوں نے یہی مناسب سمجھا کہ ان سے چہ مگوئیوں کی تصدیق کی جائے۔

یاد رہے کہ آمنہ شیخ کو پاکستان کی سپر ماڈل اور زیادہ معاوضہ لینے اور کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، ساتھ ہی محب مرزا کا شمار بھی معروف اداکاروں و فلم سازوں میں ہوتا ہے۔