لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وقت ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ہر طرف وائرل ہو رہا ہے، ہر کوئی اس کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ پا رہا، اس ڈرامہ کے مشہور ڈائیلاگ دو ٹکے کی لڑکی کے لیے 5 کروڑ کی بازگشت سوشل میڈیا سے نکل کر شوبز انڈسٹری پہنچ چکی ہے اور بے شمار لوگ ڈرامے اور ڈائیلاگ پر طرح طرح کے تبصرے ہو رہے ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید اورعائزہ خان کا مقبول ڈرامہ’میرے پاس تم ہو‘جہاں مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑتا جارہا ہے وہیں سکرپٹ رائٹر خلیل الرحمان قمر کے ڈائیلاگ’دو ٹکے کی لڑکی‘ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز کردیا ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین ڈائیلاگ کو سراہتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ لالچی، خود غرض اور دھوکے باز عورتوں کیساتھ ایسا ہی ہونا چاہئے جبکہ عورت کے حقوق اور برابری کی بات کرنے والی خواتین ڈائیلاگ کو عورت کی توہین قرار دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمرپر تنقید کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے بارے میں ہمایوں سعید کے انکشافات
اداکارہ ومیزبان ثمینہ پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے ڈائیلاگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے دو مردوں نے آپس میں مہوش کی قیمت طے کر لی اور پھر اسے دو ٹکے کا کہہ دیا۔ یعنی عورت کی کوئی مرضی ہے ہی نہیں۔ واہ رے پیدار شاہی ذہن اور سوچ۔
رائٹر فرحت اشتیاق نے ڈائیلاگ پر تنقید کرتے ہوئے کافی لمبی چوڑی پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے معاشرے کے دوہرے معیار کو آئینہ دکھاتے ہوئے لکھا، اگر عورت آدمی کے ساتھ دھوکہ کرے تو کہا جاتا ہے۔ دوٹکے کی عورت، بے حیا عورت،لالچی گھٹیا عورت، جہنم میں جائے گی، عورت تو ہے ہی فتنہ، اچھے آدمی کی زندگی تباہ کردی، پورے خاندان کی ناک کٹوادی، جاؤ مرجاؤ مگر واپس مت آنا، دو ٹکے کی عورت۔
لیکن جب آدمی عورت کے ساتھ دھوکا کرے تو کہا جاتا ہے وہ کسی دوسری عورت نے پھنسایا بیچارے کو، معاف کردو غلطی ہوگئی، بہک گیا تھا بیچارا، کالا جادو ہوگیا تھا بیچارے پر، اپنے بچوں کے لیے معاف کرنا پڑتا ہے، دل بھر جائے گا تو واپس تمہارے پاس ہی آئے گا آخر بیوی ہو، ان کی فطرت میں ہی انکار نہیں ہے، آزمائش تھی بیٹی تمہاری، اس کو برا مت بولو شوہر ہے تمہارا، صبر کرلو بیٹی سب ٹھیک ہوجائے گا۔
اداکار عمران عباس نے اس ڈرامے کو ماسٹر پیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے دہائیوں میں بنتے ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ڈرامے کے ہدایت کار، مصنف اور اداکاروں کو اتنی بہترین کاوش پیش کرنے پر سراہا۔
اسی دوران ڈرامے کی مرکزی کردار عائزہ خان نے بھی سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹرپر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج رات ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی قسط نہ دیکھیے گا، کیونکہ اس کے بعد آپ لوگ مجھ سے ہمیشہ نفرت کریں گے۔
Best Scene Ever! #MerePaasTumHo pic.twitter.com/cuiBGqiDd3
— (@AH_Tweets01) November 2, 2019