سری نگر: (روزنامہ دنیا) مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے وادی میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ اور پابندیوں کی مذمت کی اور سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ 'کشمیر میں سکون ہونے کی جھلک جھوٹی اور مضطرب ہے'۔
انہوں نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہماری آزادی پر پابندی لگانا نہایت آسان ہے، ہمیں کیوں ایسی دنیا میں رہنا پڑ رہا ہے جہاں ہماری زندگیاں اور خواہشات توڑ مروڑ دی گئی ہیں۔ ہماری آوازیں خاموش کروانا اتنا آسان کیوں ہے؟۔
زائرہ وسیم نے لوگوں پر زور دیا کہ حقائق کی غیر منصفانہ نمائندگی یا کشمیر میں سب اچھا ہے کی خبروں پر یقین نہ کریں بلکہ سوال کریں۔ میں دنیا سے سوال کرتی ہوں کہ ہم جس جبر سے گزر رہے ہیں اس کو قبول کرنے کیلئے کس چیز نے آپ کو روکا ہے؟۔