مہوش حیات کو تمغہ امتیاز کس نے دلوایا؟ نام سامنے آ گیا

Last Updated On 06 February,2020 09:42 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ مہوش حیات کو گزشتہ برس تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا اس دوران بہت سارے چرچے ہوئے تھے کہ آیا کس بنیاد پر مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دیا گیا، اسی حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے، اداکارہ کو تمغہ امتیاز دینے والے کا نام سامنے آ گیا ہے، وفاقی وزیر فواد چودھری نے اداکارہ کا نام تجویز کیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے ہی اداکارہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دینے کی تجویز اور سفارش کی تھی۔

پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہوش حیات کو جب اعلیٰ ترین سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا تو انہیں اس وقت سے لے کر اب تک کافی مواقع پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اب حال ہی میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیا جس دوران انہوں نے مہوش حیات کے تمغہ امتیاز کے حوالے سے انکشاف کیا۔

انٹرویو کے دوران جب میزبان نے فواد چودھری سے ان کی پسندیدہ اداکارہ کے حوالے سے سوال کیا تو اس کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہوش حیات بہترین اداکارہ ہیں، میں نے ہی تمغہ امتیاز دینے کے لیے ان کا نام تجویز کیا تھا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ میں مہوش حیات سے اس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا بلکہ بعد میں ملا تھا، میں نے ان کا نام تمغہ امتیاز دینے کے لیے اس لیے تجویز کیا تھا کیونکہ ان کی فلمیں شاندار بزنس کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے ہی ان کے نام کی سفارش کی تھی بلکہ میں نے تو یہ بھی کہا تھا کہ اور نوجوانوں کو بھی ایورڈ دیا کریں۔ میں ایوارڈز کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہوں اور چاہتا ہوں کہ ان ہی کو ایوارڈ ملے جو اپنے شعبے کے ٹاپر ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ مہوش حیات کو یومِ پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ’تمغہ امتیاز‘ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا جس پر انہیں کافی سراہا گیا جب کہ مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

اداکارہ کو سب سے بڑے سول ایوارڈ ’تمغہ امتیاز‘ سے پاکستانی فلم انڈسٹری میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر نوازا گیا تھا جس پر تنقید کرنے والوں کا ماننا ہے کہ مہوش حیات اس کی حقدار نہیں، اس اعزاز کی توہین کی گئی ہے کیونکہ یہ ان افراد کے لیے ہے جو ملک کے لیے لازوال خدمات انجام دیتے ہیں۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر اداکارہ تمغہ امتیاز کی حقدار ہیں یا نہیں یہ بحث اس وقت ہی شروع ہوگئی تھی جب ان کا نام اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
 

Advertisement