بافٹا ایوارڈ میں 1917 بہترین فلم قرار

Last Updated On 03 February,2020 05:47 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں بافٹا ایوارڈز تقسیم کیے گئے، پہلی عالمی جنگ کے پس منظر پر تخلیق کی گئی فلم 1917ء کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برٹش اکیڈمی برائے فلم اور ٹیلی ویژن آرٹس ایوارڈز کو آسکر ایوارڈز کے ہم پلہ قرار دیا جاتا ہے۔

بافٹا ایوارڈز کی تقریب میں پہلی عالمی جنگ کے پس منظر پر تخلیق کی گئی فلم 1917 کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا اور ہدایت کار سیم مینڈز نے بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔ بافٹا نائٹ کے لیے منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مشہور اداکاروں اور شخصیات کے ساتھ ساتھ شاہی خاندان کے افراد بھی شریک تھے۔

ہدایتکار مینڈز کی فلم 1917 نے ایوارڈز کی دوڑ میں شریک دوسری فلموں جوکر، دی آئرش مین اور Once Upon a Time in Hollywood کو پچھاڑ دیا۔ فلم جوکر کا مرکزی کردار ادا کرنے والے یواکین فینکس نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔ امریکی اداکارہ رینی زیلویگر کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بافٹا ایوارڈز کی تقریب میں بہترین ابھرتے فنکار کا ایوارڈ سیاہ فام برطانوی اداکار مائیکل وارڈ کو دیا گیا۔ یہ ایوارڈز عوامی رائے کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔

ایوارڈز میں تنازعہ بھی دیکھا گیا کہ برطانوی اداکارہ سینتھیا اریوو نے شرکت کرنے کی دعوت مسترد کرنے کے علاوہ پرفارمنس دینے سے بھی انکار کیا۔ انہوں نے بافٹا ایوارڈز کے لیے نظرانداز کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ سینتھیا اریوو کو آسکر کی نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔

بافٹا ایوارڈز پر ناقدین نے تنقید کی ہے کہ اس پر یکسانیت غالب آ رہی ہے۔ اس تاثر کو زائل کرنے کے حوالے سے منتظمین کو عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ اس تنقید پر بافٹا ایوارڈز کے انتظامیہ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی فلمی دنیا میں بافٹا ایوارڈز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور بعض ناقدین اسے معتبر آسکر ایوارڈز سے قبل فلمی دنیا کی ایک انتہائی اہم تقریب قرار دیتے ہیں۔

رواں برس آسکر ایوارڈز کی تقریب نو فروری کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہو گی۔ اس کے لیے نامزدگیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
 

Advertisement