لاہور: (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی اداکارہ عائزہ خان کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں مہوش کا کردار نبھانا ان کے کیریئر کا مشکل ترین مرحلہ تھا۔
یاد رہے کہ مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط 25 جنوری کی شب نشر کی گئی تھی جسے سینما گھروں میں بھی دکھایا گیا تھا۔
ڈرامے کی آخری قسط نے بھی مداحوں کو بہت جذباتی کردیا تھا کیوں کہ آخری قسط میں ڈرامے کے اہم کردار اور اپنی اہلیہ کی بے وفائی کے شکار ’دانش‘ (ہمایوں سعید) کی موت ہوگئی تھی۔ دانش کو آخری قسط میں ایسا دل کا دورہ پڑا کہ وہ دوبارہ جاں بر نہ ہوسکا اور وہ بے وفا مہوش کو چھوڑ کر چلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کا دوسرا حصہ آ سکتا ہے: خلیل الرحمن قمر
’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط میں دانش کی موت پر شائقین نے سوشل میڈیا پر خوب میمز شیئر کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا۔
تاہم اب پہلی بار ڈرامے میں بے وفا مہوش کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ عائزہ خان نے اپنے کردار پر بات کی ہے۔
عائزہ خان نے ڈرامے میں ’مہوش‘ نامی کردار ادا کیا تھا جو دانش کی اہلیہ ہوتی ہیں تاہم بعد ازاں وہ پیسوں کی لالچ میں اس کے ساتھ بے وفائی کرکے ان سے طلاق لے لیتی ہیں اور ایک امیر شخص سے تعلقات استوار کرتی ہیں۔
اگرچہ ڈرامے کے نشر ہونے سے اس کے اختتام تک عائزہ خان کو مہوش کا کردار ادا کرنے پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا تاہم وہ اب تک خاموش تھیں لیکن ڈرامے کی آخری قسط نشر ہوتے ہی انہوں نے اپنی خاموشی توڑ دی۔
ڈرامے کی آخری قسط کے موقع پر انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں اعتراف کیا کہ ’مہوش‘ کا کردار نبھانا ان کے کیریئر کا مشکل ترین مرحلہ تھا۔
اداکارہ نے اپنی مختصر پوسٹ میں لکھا کہ 25 جنوری کی شب لوگ آخری بار مہوش کے کردار کو ٹی وی پر دیکھیں گے اس کے بعد مہوش غائب ہوجائے گی۔
انہوں نے لکھا کہ مہوش کا کردار ادا کرنا ان کے کیریئر کا مشکل ترین مرحلہ تھا تاہم اب وہ وقت آچکا کہ ہم مشکل ترین کردار کو خدا حافظ کہیں۔
اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ مہوش کے کردار کی ٹی شرٹ میں دکھائی دیں اور مداحوں نے اس موقع کو بھی ضائع نہیں کیا اور ان کی تصویر پر کمنٹس کر ڈالے۔
کچھ لوگوں نے مذاق میں لکھا کہ اداکارہ اس وقت جہاں کھڑی ہوئیں ہیں انہیں وہ ’شہوار‘ کا دفتر لگ رہا ہے تاہم اداکارہ نے کسی بھی مداح کے کمنٹ پر کوئی جواب نہیں دیا۔