ماہرہ خان سے زیادہ با صلاحیت ہوں: اداکارہ میرا

Last Updated On 25 January,2020 09:36 am

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ میرا نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہرہ خان ٹیلنٹڈ اداکارہ نہیں ہیں۔ ان کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ شاہ رخ خان کیساتھ فلم کرنا ہے۔ میں ماہرہ سے زیادہ باصلاحیت ہوں لیکن میرے حصے کا کام بھی انہی کو دے دیا جاتا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نمبر ون کی جنگ پہلے بھی تھی، آج بھی ہے اور آگے بھی جاری رہے گی۔ میرے حساب سے کوئی بھی نمبر ون اپنے کردار، کام اور رویے کی وجہ سے بنتا ہے۔ جب آپ بہتر پرفارم کریں تو پھر آپ نمبر ون کہلانے کے مستحق بھی ہیں۔

کریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں آغاز بطور چائلڈ سٹار کیا تھا، نو سال کی عمر میں انہوں نے محمود سپرا کے ساتھ پہلا کمرشل کیا اور پھر 11 سال کی عمر میں پہلی فلم ’کانٹا‘ کی۔ میں نے اپنا بچپن کام کرتے گزارا ہے اور اداکاری کے ساتھ اپنی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ میں بڑی ہوئی تو سٹار تھی، میرے کندھوں پر بطور سٹار اور بیٹی بھاری ذمہ داری تھی۔ مجھے کام بھی کرنا تھا اور اپنے ملک کی دنیا بھر میں نمائندگی بھی کرنی تھی۔

چھوٹی سکرین پر کام کرنے کے حوالے سے میرا کا کہنا تھا کہ اس سال میں بہت سارے ڈرامے کروں گی، پروگرام کی میزبانی کروں گی، انٹرویوز بھی دوں گی۔ ٹی وی میں بہت بڑا مافیا ہے جو کام نہیں کرنے دیتا۔ میرے دشمن ہیں، ماہرہ خان کو بلاوجہ اہمیت دی جاتی ہے۔ ہر لابی انہیں سپورٹ کر رہی ہے۔ میں ماہرہ سے زیادہ باصلاحیت ہوں لیکن میرے حصے کا کام بھی انہی کو دے دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا: ماہرہ خان میں ٹیلنٹ نہیں ہے۔ وہ شاہ رخ خان کی وجہ سے مشہور ہوئیں جبکہ میں اپنی اداکاری اور فلموں کی وجہ مشہور ہوئی ہوں۔ انہیں شاہ رخ کی وجہ سے سپورٹ ملتی ہے اور مجھے میرے کام کی وجہ سے سپورٹ ملتی ہے۔ اداکاری میں کوئی میرا مقابلہ کرے، ایسا کوئی پاکستان میں نہیں ہے۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے انگلش سیکھ لی ہے اور اے پلس نمبر لیے ہیں۔ مجھے سراہنے کی بجائے میرا مذاق بنایا جاتا ہے لیکن میں آگے بڑھنے کے لیے کوشاں رہتی ہوں۔ میں گلوکاری اور ڈانس سیکھنے پر توجہ دے رہی ہوں۔ اس کے علاوہ میں مختلف زبانیں سیکھ رہی ہوں، جن میں عربی زبان بھی شامل ہے۔ قرآن مجید پڑھنا بھی سیکھ رہی ہوں۔ مجھے ہر طرح کی کتابیں پڑھنے کا شوق ہے جبکہ اردو اور انگریزی دونوں اخبار پڑھتی ہوں۔ میں اردو، انگریزی، پنجابی اور ہندی بول لیتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں میرا کا کہنا تھا کہ سیاست میں بہت دلچسپی ہے۔ عمران خان جھوٹے نہیں ہیں، انہوں نے ہسپتال بنائے ہیں، اس لیے میں ان کو سپورٹ کرتی ہوں اور کرپشن کو بالکل سپورٹ نہیں کرتی۔ میں نے بھی ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا، میں آج بھی اس اعلان پر قائم ہوں، اس کے لیے میرے پاس جگہ بھی ہے لیکن فنڈز اکٹھے کرنے میں مسائل کا سامنا ہے۔ میرے اردگرد کرپٹ مافیا ہے، جو نہیں چاہتا کہ میں ہستپال بناﺅں۔ فنڈ ریزنگ کے لیے ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔