لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ سوہائی ابڑو نے اپنی نئی فلم کی خاطر اپنے بال منڈوا لیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ کیساتھ دیگر کاسٹ میں نامور اداکار فیصل قریشی اور سمیع خان بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں سوہائی ابڑو کا کہنا تھا کہ فلم سائن کرتے ہوئے ڈائریکٹر عمار لسانی اور کنزہ ضیاء نے بتایا تھا کہ فلم میں ایک سین ہے جس میں بال منڈوانے پڑیں گے اور ہم سین کو حقیقی طور پر شوٹ کرنا چاہتے ہیں کیا آپ تیار ہیں؟
اس سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ سیکنڈز اس حوالے سے سوچا جس کے بعد حامی بھر لی۔
سوہائی کا کہنا تھا کہ دراصل فلم ’دی ونڈو‘ حقیقی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ جب گاؤں میں کسی بچے یا نوجوان کو قید کردیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گاؤں میں جب طویل عرصے کے لیے کسی کو قید کیا جاتا ہے تو اس پر تشدد کیا جاتا ہے جس میں اس کے بال بھی منڈوادیے جاتے ہیں۔
اداکارہ نے فلم کے لیے بال منڈوانے کے بعد چند تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کیں جس پر مداحوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
ایک پوسٹ میں سوہائی نے اسٹنٹ ڈائریکٹر کے ساتھ تین تصاویر شیئر کیں، 2 میں ان کا شاٹ ہیئر سٹائل دیکھا گیا جب کہ ایک میں ان کا بال منڈوانے کے بعد کا انداز دیکھا گیا۔
اس پوسٹ کی وضاحت دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ ’دی ونڈو‘ کے کردار میں ان کے مختلف پہلو ہیں۔
فلم کے ہدایت کار کے مطابق’دی ونڈو‘ کو ہالی وڈ کے اشتراک سے بنایا جارہا ہے جسے رواں برس ریلیز کیا جائے گا تاہم اس کی کوئی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔