لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا شکریہ ادا کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ان دنوں پاکستان کے 4 روزہ دورے پر ہیں اور اس دوران انہوں نے مقبول ترین پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان سے بھی ملاقات کی۔
اونتونیو گوتریس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ماہرہ خان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
As we mark 40 years of Pakistan’s solidarity with Afghan refugees, it was a pleasure to meet @Refugees Goodwill Ambassador @TheMahiraKhan
— António Guterres (@antonioguterres) February 17, 2020
I thank her and all Pakistanis for their extraordinary support. pic.twitter.com/wsdsSestCk
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اونتونیو گوتریس نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے 40 سال مکمل ہوگئے ہیں، مہاجرین کی سفیر برائے خیر سگالی ماہرہ خان سے مل کر اچھا لگا۔
بعد ازاں انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میں ماہرہ خان اور تمام پاکستانیوں کا غیر معمولی تعاون پر ان کا مشکور ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستان میں اپنا خیرسگالی سفیر مقرر کیا تھا۔
اس سے قبل اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پناہ گزین کی حیثیت سے زندگی گزارنا انتہائی اجیرن ہوتا ہے۔
افغان مہاجرین سے متعلق 3 روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے دوران فیسنگ فیوچرکے نام سے پینل مکالمے میں اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر برائے مہاجرین اور فلم سٹار ماہرہ خان نے بھی شرکت کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے پشاور اور کراچی میں افغان مہاجرین کو قریب سے دیکھا ہے، انہیں ہزار سہولتیں فراہم کرنے کے باوجود اپنے گھراورملک کی یاد ضرورستاتی ہے، اپنا ملک اوراپنا گھراپنا ہی ہوتا ہے اورپناہ گزین کی حثیت سے زندگی گزارنا انتہائی اجیرن ہوتا ہے۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ 40 برس سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے جب کہ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مہاجرین سے خیرسگالی کا رویہ اختیارکرنا چاہیے۔