لاہور: (ویب ڈیسک) دونوں اداکاروں کے درمیان علیحدگی کی خبریں میڈیا میں زیر بحث تھیں تاہم اب سائرہ اور شہروز نے خود طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا اعلان کردیا ہے۔
سائرہ اور شہروز سبزواری 2012ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کافی عرصے سے ایک ساتھ دکھائی نہیں دے رہے تھے جس کے باعث افواہیں سرگرم تھیں۔
کچھ عرصہ قبل شہروز سبزواری نے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان کچھ ذاتی اختلافات کی وجہ سے 6 ماہ قبل علیحدگی ہوئی۔ یہ خبریں بھی زیر گردش تھیں کہ شہروز سبزواری اداکارہ صدف کنول سے شادی کریں گے۔
تاہم شہروز سبزواری نے ماڈل اور اداکارہ صدف کنول کے ساتھ تعلق کی خبروں اور اہلیہ کو طلاق دینے کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ میرے اور میری اہلیہ سائرہ یوسف کے درمیان سوشل میڈیا پر پھیلنے والی طلاق کی خبریں جھوٹی ہیں جو جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں اور میرے اداکارہ و ماڈل صدف کنول کے ساتھ کوئی تعلق اور افیئر نہیں بلکہ اداکارہ صرف میری دوست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ میرے اور صدف کے درمیان تعلق خبروں کو بڑھا چڑھا کر پھیلا رہے ہیں، میرا اداکارہ کے ساتھ کوئی ایسا ویسا تعلق نہیں، اگر کسی کو میرے اور میری اہلیہ کے بارے میں کچھ پوچھنا ہے تو پہلے مجھ سے یا میری اہلیہ سے بات کرلے۔
ویڈیو میں انہوں نے خبروں سے متعلق اپنے مداحوں سے چند سوالات پوچھے اور کہا کہ کیا کسی نے مجھ سے یا میری اہلیہ سے یا میرے دوست اور اہل وعیال سے پوچھا، میرے اور اداکارہ صدف کو جان بوجھ کو میرے اور میری اہلیہ کے درمیان لایا جا رہا ہے۔ اس جعلی خبر کے ذریعے میرے خاندان کی عزت کو رولا جا رہا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میری اور میری اہلیہ کے درمیان طلاق نہیں ہوئی بلکہ ہم دونوں چھ ماہ سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے ہیں۔ میرے اور میری اہلیہ سائرہ کے درمیان ایسا کیا ہوا کہ ہم دونوں علیحدہ رہ رہے ہیں یہ میرا اور میری اہلیہ کا ذاتی مسئلہ ہے کسی اور کو اس معاملے میں ٹانگ اڑانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اپنے اور اداکارہ اور ماڈل صدف کنول کے بارے میں ویڈیو پیغام میں شہروز سبز واری نے کہا کہ اداکارہ چند ماہ قبل مجھے کام کے معاملے میں ملیں تھیں۔ وہ صرف اور صرف میری دوست ہے اس کے علاوہ ہمارے درمیان کچھ نہیں چل رہا۔ اداکارہ کے ساتھ ڈانس کرنا یا ملنے کا یہ مقصد نہیں کہ ہم دونوں کے درمیان ایسا ویسا کچھ چل رہا ہے۔
اداکار کا ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ انسان اور انسانیت ہونے کے ناطے یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے آپ کا دفاع کروں، میں اپنے اور اپنی اہلیہ اور صدف کے معاملے پر کسی سے بات نہیں کرنا چاہتا، اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سائرہ میری اہلیہ ہے اور میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ کسی کے بارے میں غلط قسم کی خبریں پھیلانا بہت بڑا گناہ ہے۔
اداکارہ صدف کنول نے بھی شہروز سبزواری کے ساتھ تعلق بارے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف ایک ماہ پہلے اداکار شہروز سبزواری سے ملی تھیں۔ ہم دونوں اچھے دوست اور کولیگ ہیں۔ ہمارے درمیان کسی قسم کے تعلق کے حوالے سے باتیں بے بنیاد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب علیحدگی کی خبروں کے دو ماہ بعد سائرہ اور شہروز نے اپنی شادی ختم ہونے اور طلاق کی تصدیق کردی ہے۔ دونوں اداکاروں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی شادی کو ختم کرنے کی تصدیق کی تاہم یہ نہیں بتایا کہ کب طلاق ہوئی۔
دونوں اداکاروں نے اعتراف کیا کہ شادی ختم کرنا ان کے لیے مشکل فیصلہ تھا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ اس فیصلے کے اثرات ان کی اکلوتی بیٹی پر نہیں پڑیں گے۔
سائرہ اور شہروز نے اپنے بیانات میں امید ظاہر کی کہ وہ طلاق کے باوجود بہترین والدین کا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے تاکہ وہ اپنی بچی کی بہتر پرورش کر سکیں اور ان کی بیٹی اپنی زندگی کا لطف حاصل کر سکے۔