لندن : (ویب ڈیسک) اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ گلوکارہ ریٹا بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے ہلاکت خیز کرونا وائرس نے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا، مشہور امریکی جوڑے ٹام ہینکس اور اہلیہ ولسن میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1،327 ہوگئی ہے جس میں آسکر جیتنے والے 63 سالہ اداکار اور ان کی 63 سالہ بیوی ریٹا ولسن بھی شامل ہیں۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ مجھے اور میری بیوی میں مہلک وائرس کی علامات نمودار ہوئی تھی جس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، وائرس کی تصدیق کے بعد ہم دونوں آئسولیشن میں وقت گزار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس ہالی وڈ پر بھی حاوی، ایشیا میں دو ارب ڈالر نقصان کا خدشہ
خیال رہے کہ ٹام ہینکس ان دنوں آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ ان کی اہلیہ گلوکارہ اور اداکارہ ریٹا ولسن بھی آسٹریلیا میں ہی ہیں کیونکہ گزشتہ ہفتے برسبین امپوریم ہوٹل اور سڈنی اوپیرا ہاؤس میں ان کا کنسرٹ تھا۔
ہینکس نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا کہ مجھے کچھ تھکن سی محسوس ہوئی جیسے نزلہ زکام ہوگیا ہو اور جسم میں بھی درد ہورہا تھا جبکہ ریٹا کو بھی سردی لگ رہی تھی اور بخار سا بھی محسوس ہورہا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں بھی کرونا وائرس کے 130 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔