ملک کو دو ہفتوں کیلئے لاک ڈاؤن کر دیں: اداکار فخر عالم کی وزیراعظم سے اپیل

Last Updated On 23 March,2020 02:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافے کے پیشِ نظر اداکار اور میزبان فخرِ عالم نے وزیراعظم عمران خان سے ملک میں 2 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کی اپیل کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے فخر عالم نے وزیراعظم عمران خان کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران بھائی جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں انسانیت اور انسانوں اور غریبوں کے لیے کیا جگہ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے آپ ایک نیک انسان ہیں، اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کی حکومت کو سب سے بڑا چیلنج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس سنجیدہ مسئلہ، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہیے: علی ظفر

فخر عالم نے مزید لکھا کہ ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے میری آپ سے ایک درخواست ہے میں غلط بھی ہوسکتا ہوں، ایک طرف سرکار یہ کہہ رہی ہے لوگ گھر میں رہیں، دفتر نہ جائیں، سماجی دوری اختیار کریں اور آپ نے بھی لوگوں سے یہ ہی اپیل کی اور اس کے نتیجے میں غریب طبقہ پہلے ہی متاثر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں، عمران خان میری آپ سے گزارش ہے کہ آدھی آدھی پالیسی رکھنے کے بجائے ایک پالیسی بنائیں۔

فخر عالم نے عمران خان کو دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو ہفتوں میں شہروں کے مختلف علاقوں میں راشن باٹنا شروع کردیں۔

ویڈیو میں فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ سماجی کارکنان کو دستانے وار ماسک فراہم کیے جائیں تاکہ وہ راشن کو ضرورت مندوں کے گھر منتقل کرسکیں، اس کے علاوہ والدین کو جو اس وقت اسکولوں کی فیسیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں وہ بھی معاف کی جائیں کیونکہ کوئی بھی اس وقت کام پر نہیں جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو اگر چھٹیاں مل جائیں تو وہ پکنک پر نکل جاتے ہیں، اس لیے عمران خان ملک میں کرفیو لگائیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔