کورونا وائرس: ’تم مسیحا ہو قوم کے‘ جواد احمد کا ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین

Last Updated On 25 March,2020 09:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اس جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو پاکستانی گلوکار جواد احمد نے خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس نے ہر ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اس وقت اس بیماری کے باعث ہزاروں لوگ مہلک وباء کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ وائرس کو ختم کرنے کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے اپنا آپ بُھلا بیٹھے ہیں۔

جہاں ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے وہیں یہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جان کا سوچے بغیر ان مریضوں کا علاج اور دیکھ بھال کرنے میں مصروف ہیں جو کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی گلوکار جواد احمد نے ویڈیو شیئر کی، اس ویڈیو میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے “تم مسیحا ہو اس قوم کے، ہمیں تم سے پیار ہے” گیت گایا ۔

جواد احمد کا مزید کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے حوصلے اور جرات کو میرا اور اس قوم کا سلام۔

گلوکار نے اپنا گیت کورونا سے لڑنے والے ان بہادر سپاہیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے گایا ہے۔
 

Advertisement