راولپنڈی: (دنیا نیوز) طبی عملے کی رہنمائی کیلئے پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دستاویزی فلم تیار کر لی۔ دستاویزی فلم سے شعبہ صحت سے وابستہ افراد کی نہ صرف بھرپور معاونت ہو سکے گی بلکہ انفرادی حفاظتی سامان کیساتھ وسائل کے غیر ضروری استعمال کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کیخلاف قومی جنگ میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس ہراول دستہ ہیں، آئی ایس پی آر نے شعبہ صحت کے مجاہدوں کو منفرد سلام عقیدت پیش کیا ہے۔
دستاویزی فلم میں ڈاکٹرز اور پیر امیڈیکل سٹاف کو بتایاکہ مریضوں کے علاج کے ساتھ خود کو کورونا وائرس سے کیسے بچانا ہے۔
ڈاکٹرز اور سٹاف کاکہناہے کہ ان معلومات سے جہاں کورونا وباء کے خلاف جنگ لڑنا آسان ہو گیا، وہیں وسائل کے بہتر استعمال میں بھی مدد ملے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دستاویزی فلم 96 گھنٹے کی مختصر مدت میں تیار کی ہے۔