لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری اور ڈراموں کی مشہور ادکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ دنیا سے سب مرد ختم ہوجائیں اور صرف قائم علی شاہ، چودھری شجاعت، رانا ثناء اللہ اور شیخ رشید بچیں تو میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے شادی کروں گی۔
ایک انٹرویو میں معروف ماڈل و اداکارہ عائشہ عمر سے سوال کیا گیا کہ اگر کسی آفت کی وجہ سے دنیا سے سب مرد ختم ہوجائیں اور صرف قائم علی شاہ، چودھری شجاعت حسین، رانا ثناء اللہ طاہرالقادری اور شیخ رشید بچیں تو وہ کس سے شادی کریں گی جس پر عائشہ عمر نے کہا کہ وہ شیخ رشید کا انتخاب کریں گی کیوں کہ شیخ رشید کے پاس اچھی حس مزاح ہے اور وہ مزاحیہ شخصیت کے مالک ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ لو گ شادی اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں تاہم ابھی میں خود بچی ہوں اور شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔
عائشہ عمر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں لگتا ہے کہ شادی زندگی سنوارتی ہے اصل میں شادی زندگی کو ختم کردیتی ہے، تاہم ابھی انہیں شادی کی ضرورت نہیں جب کروں گی تو سب کو بلاؤں گی۔
انہوں نے ملک میں مرد و خواتین ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین کو مرد حضرات کے مقابلے کم اجرت ملتی ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں بعض مرتبہ خواتین کو مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔
عائشہ عمر نے میشا شفیع کو بہادر خاتون قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی بھارتی انڈسٹری کے اداکار الوک ناتھ جیسے بہت سارے لوگ ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شوبز انڈسٹری میں بھی خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر اور اپنے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات پر بھی بات کی اور بتایا کہ ماضی میں تھائی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی اور اداکارہ ماریہ واسطی کی ذاتی تصاویر کو ماریہ واسطی کے لیپ ٹاپ سے چراکر لیک کیا گیا اور یہ سب کچھ ماریہ کے سابق ملازمین نے ہی ان سے بدلہ لینے کے لیے کیا۔