کورونا وائرس میں مبتلا اداکارہ روبینہ اشرف کی طبعیت بگڑ گئی، ہسپتال داخل

Last Updated On 07 June,2020 09:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) روبینہ اشرف میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اداکارہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ طبیعت بگڑنے کے بعد انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

اداکارہ روبینہ اشرف نے نجی میڈیا سے بات کرتے ہوئے خود ہی کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی طبعیت زیادہ اچھی نہیں ہے۔

اب روبینہ اشرف کی طبعیت بگڑنے کی خبریں میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ نجی میڈیا میں ان کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ اس وقت نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

 

ماہرہ خان، ہمایوں سعید، محمد احمد، ثناء جاوید، شگفتہ اعجاز اور دیگر فنکاروں نے اپنی ساتھی اداکارہ کی صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: عالمی وبا کے پاکستان میں ڈیرے، کئی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے اہم شخصیات بھی متاثر ہو چکی ہیں۔ ان میں سے کچھ زندگی کی جنگ ہار گئیں جبکہ کچھ اس کے خلاف کامیاب ہوئیں۔ متاثرہ افراد میں سیاسی، سماجی، سرکاری اور پولیس افسران سمیت شوبز ستارے بھی شامل ہیں۔

اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر بھی کورونا کے باعث گھر میں قرنطینہ ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، فیصل ایدھی اور صوبائی وزیر سعید غنی کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی سید مہدی شاہ دو ماہ پہلے کورونا سے انتقال کر گئے تھے۔

پنجاب میں بھی وائرس سے بڑی تعداد میں شخصیات متاثر ہوئیں۔ نامور گلوکار اور تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق اور اداکار نوید رضا کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔ اس سے پہلے گلوکار سلمان احمد وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔