لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا گانا یوٹیوب چینل سے ہٹانے پر بھارتی شہری سوشل میڈیا پر سراپا احتجاج بن گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت مہاراشٹرا نیونرمن سینا کی دھمکی کے بعد عاطف اسلم کا تیزی سے مقبول ہونے والا گانا ’’کِنا سونا‘‘ یوٹیوب چینل سے ہٹایا تھا اور انتہا پسند جماعت سے معافی بھی مانگی تھی۔
پاکستانی گلوکار کا گانا ہٹانے پر جہاں انتہا پسند ہندو خوش دکھائی دئیے وہیں عام بھارتی عوام کمپنی سے خفا ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر عاطف اسلم کے حق میں ٹرینڈ شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا بھی عاطف اسلم کے خلاف نفرت پھیلانے میں انتہا پسند تنظیموں کی مہم میں پیش پیش ہے، کشمیر سے متعلق عاطف اسلم کے بیانات کو اچھال کر ان کے گانے پر پابندی لگوانے میں بھارتی میڈیا نے بنیادی کردار ادا کیا۔