اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے عمران خان کو پاکستان کا گوربا چوف قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کا تعلق ریاست مدینہ سے نہیں، سوویت یونین سے ہے، چینی چوروں کو بچانے کیلئے پوری انڈسٹری کو چور بنا دیا، نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ ثابت ہوگیا نیب شواہد کے بغیر لوگوں کو گرفتار کرتا ہے، جنہوں نے کھیلوں کے میدان بنائے وہ نیب پیش ہو رہے ہیں، ایک جہاز کریش ہونے پر پوری ایوی ایشن انڈسٹری کو داؤ پر لگا دیا، یہ ایک ایک کر کے ہر شعبے کو کریش کر رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا ریاست مدینہ پاکستانیوں کیلئے ایک مقدس تصور ہے، نیب کو کچھ نہیں ملتا تو نئی ٹیمیں ہمارے پیچھے بھیج دی جاتی ہیں، گزشتہ 10 روز سے ایف آئی اے کی ٹیمیں ہمارے پیچھے لگی ہیں، ہم حکومتی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں، لوگوں کو گرفتاری کے نام پر ہراساں کیا جا رہا ہے، نواز شریف کی طبیعت بہتر ہونے پر دل کا آپریشن ہوگا ۔