شہباز شریف کا سرکاری ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ

Last Updated On 25 June,2020 03:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سرکاری ملازمین اور مزدوں کی تنخوا میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی بلند ترین شرح اور کورونا سے درپیش مسائل نے سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 72 سال کے بدترین معاشی بحران کا تقاضا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے۔ بے زبان سرکاری ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہے، حکومت ان کی مشکلات کا احساس کرے۔ مہنگائی کی بلند ترین شرح اور کورونا سے درپیش مسائل نے سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ کم ازکم 15 سے 20 فیصد تنخواہوں میں اضافے سے 30 ارب کے لگ بھگ رقم خرچ ہوگی جو اتنا بڑا بوجھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لئے بھی ناگزیر ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو بڑھایا جائے۔ عام مزدور کی کم ازکم اجرت میں بھی اضافہ کیاجائے۔حالات کی سنگینی کا تقاضا ہے کہ عام مزدور، فیکڑی اور مل ملازمین کی اجرت بڑھائی جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس اور دیگر مراعات سے صنعت و فیکٹری کو مدد دے کر یہ کام کر سکتی ہے۔ سرکاری ملازمین اور مزدوروں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا تو مزید نقصان ہوگا۔ تنخواہیں نہ بڑھانے سے فائدے کی بجائے نقصان زیادہ ہو گا، حکومت اس بات کو سمجھے۔