پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں نانبائیوں نے ایک بار پھر روٹی کی قیمت بڑھانے کی دھمکی دے دی، شہری کہتے ہیں اب روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے نانبائیوں نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی دھمکی دے دی، مارکیٹ میں 85 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 5ہزار 400 روپے تک پہنچنے کے بعد نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کی تیاریاں شروع کر دیں، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل آٹے کی بوری 4 ہزار 200 روپے میں تھی لیکن اب گزارہ کرنا مشکل ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے روٹی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مسترد کردیا ،،کہتے ہیں مہنگائی پہلے ہی بڑھ گئی ہے اب روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اورگزشتہ ایک ہفتے کے دوران 85 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 400 روپے تک بڑھی ہے۔