لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کے گلوکار سونو نگم پاکستانی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کی سریلی آواز میں گانا سن کر جذباتوں پر قابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔
تفصیلات کے مطابق چھوٹی سی عمر میں بلند آواز کی مالکہ ہادیہ ہاشمی نے اپنی سریلی آواز سے جہاں پاکستانیوں کو دیوانہ بنارکھا ہے وہیں بھارت کے نامور گلوکار سونو نگم بھی ان کی آواز کے مداح بن گئے ہیں اور انہیں تو ہادیہ کی آواز اتنی پسند آئی کہ وہ جذباتوں پر قابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔
سونو نگم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ٹی وی پر ہادیہ ہاشمی کا گانا ’’بول ہو‘‘ سن رہے ہیں اور اس دوران ان کی آنکھوں میں آنسو دیکھے جاسکتے ہیں۔ سونونگم نے گانا سنتے ہوئے کہا بہت دنوں بعد کسی آواز نے میرے دل کو چھوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گانا مجھے جاوید جعفری نے بھیجا تھا حالانکہ میں یہ گانا پہلے بھی سن چکا تھا لیکن آج ڈھنگ سے سنا جس کے بعد مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں نے بہت دنوں بعد کوئی اچھی چیز سنی ہے۔
گلوکار نے مزید کہا کہ میں نے اس سے پہلے سوچا نہیں تھا کہ آج بھی ایسا اچھا کام ہوسکتا ہے کہ جب کوئی گانا گارہاہوگا تو میں پھوٹ پھوٹ کر روؤں گا۔ سونو نگم نے اتنا بہترین گانا گانے پر ہادیہ ہاشمی اور سوچ بینڈ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔