لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار آغا علی کا اہلیہ حنا الطاف کو شادی کے بعد موٹے نہ ہونا کا وعدہ لینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس کا جواب اداکار نے اپنے وضاحتی بیان میں دے دیا۔
رواں سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی شوبز جوڑی حنا الطاف اور آغا علی نے ٹی وی شو میں شرکت کی جس میں شادی سے قبل لئے گئے وعدوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
حنا الطاف نے انکشاف کیا کہ آغا نے شادی سے قبل اُن سے موٹا نہ ہونے کا وعدہ لیا تھا، آغا نے شادی سے قبل کہا کہ انہیں دنیا کی کوئی چیز نہیں چاہیئے خدارا شادی کے بعد موٹی مت ہونا۔
پروگرام کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں صارفین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آغا علی کا اپنی اہلیہ سے وزن سے متعلق لیا گیا وعدہ تضحیک آمیز ہے ۔
سوشل میڈیا پر تنقید کا نہ رُکنے والا سلسلہ شروع ہوا تو آغا علی نے بھی وضاحتی پیغام جاری کردیا۔
آغا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سٹوریز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی اہلیہ سے کہا تھا کہ وہ غیر ضروری وزن بڑھانے سے گریز کریں کیونکہ وہ ایک اداکارہ ہیں انہیں فٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی پروڈیوسر اور ہدایتکار زیادہ وزن والی اداکاراؤں کو پسند نہیں کرتا ۔
آغا علی نے اپنے وزن کم کرنے کے حوالے سے بتایا کہ میں نے اپنا وزن کم کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے جب میرا وزن زیادہ تھا تو میں کچھ نہیں تھا اور مجھے نظر انداز کیا جاتا تھا۔
آغا نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ صرف توجہ حاصل کرنے کیلئے دوسروں پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ انہیں ویسے تو توجہ ملنی نہیں ہے۔
اپنی ایک اور انسٹاگرام سٹوری میں آغا علی نے تنقید کرنے والوں سے سوال کیا کہ باڈی شیمنگ ہوتی کیا ہے ؟ کیا آپ جانتے ہیں؟ کیا کبھی کسی نے مجھے کسی کے وزن کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا ہے ؟
ان کامزید کہنا تھا کہ اگر کوئی ماں اپنے بیٹے کو ، کوئی بھائی یا کوئی شوہر اپنی اہلیہ کو مشورہ دے کہ غیر ضروری وزن سے پرہیز کرے تو یہ’باڈی شیمنگ‘نہیں ہے۔