لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا پر خود پر حملے اور گاڑی پر پتھراؤ کی تردید کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ صبا قمر کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ‘‘افسوس کہ آج گھر جارہی تھی تو کچھ افراد کی جانب سے مجھ پر حملہ کیا گیا اور میری گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ ہم کیسی قوم ہیں جب اللہ کی ایک بندی معذرت کر رہی ہے اپنی غلطی کی پھر بھی مجھے ٹارگٹ بنایا جارہا ہے۔’’
ٹویٹ وائرل ہونے کے بعد صبا قمر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر وضاحت کی کہ ان پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا اور یہ ٹویٹ جعلی اکاؤنٹ سے کیا گیا ہے۔ صبا قمر نے ان کے نام سے مزید جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی کراتے ہوئے کہا کہ میں ٹک ٹاک پر بھی نہیں ہوں میرے نام سے یہ تمام جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں۔