کراچی میں تباہ کن بارشیں، شوبز انڈسٹری کے اداکار پریشان

Published On 27 August,2020 05:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک ) شہر قائد میں ہونے والی بارش کے بعد ہونے والی صورتحال دیکھ کر ملکی شوبز انڈسٹری کے اداکار پریشان ہو گئے جس کے بعد مداحوں کو محفوظ رہنے کی تلقین کرنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں سال مون سون سیزن اپنے جوبن پر ہے اور نیا سپیل کراچی سمیت دیگر اضلاع میں آج (جمعرات کو) صبح سے بارش برسا رہا ہے جسکی وجہ سے شہریوں کی مشکلات تھمتی نظر نہیں آرہیں۔

کراچی میں صبح سے ہی صدر، ملیر، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، پی ای ایس ایچ، سکیم 33، کلفٹن، شارع فیصل، لانڈھی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ماڈل کالونی، گارڈن، کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتنی شدید بارش کے باعث نظام زندگی معطل ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ بھی بارش کو ’ڈیزاسٹر‘ قرار دے رہے ہیں۔

اداکارہ عائزہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اکاؤنٹ پر زیادہ بارشوں کے دوران پڑھی جانے والی دعائیں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یا اللہ ہم پر رحم فرما۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: تیز بارش نے شہر کو پھر ڈبو دیا، نشیبی علاقوں کا برا حال، پانی گھروں میں داخل

اداکار فیصل قریشی نے لکھا کہ کراچی میں مسلسل بارش ہورہی ہے، حب ڈیم اوور فلو ہو چکا ہے، براہِ مہربانی اس بارش کو مذاق نہ سمجھیں اپنا اور اپنے لوگوں کا خیال رکھیں۔

انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمیں اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

اداکار منیب بٹ نے لکھا کہ اگر کراچی میں یہی صورتحال رہی تو شہر کو فوج کے نہیں بلکہ نیوی کے حوالے کرنا پڑے گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے موجودہ حکومت پر بھی شدید تنقید کی۔

اداکارہ ارمینہ خان نے لکھا کہ کراچی سے موصول ہونے والی تصویریں اور ویڈیوز دیکھ کر دل ڈوب رہا ہے، کراچی کی صورتحال پریشان کُن ہے۔

انہوں نے لکھا کہ متعدد شہری اپنے گھروں اور سامان سے محروم ہوگئے ہیں، میں متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔

اداکارہ اُشنا شاہ موسلادھار بارش کے بعد کراچی کی صورتحال دیکھ کر پریشان ہوگئیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے لکھا کہ انہیں بچپن سے ہی بارش کی آواز سننا پسند تھا اور بارش کی آواز سے جاگنا ایک خوشی دیتا تھا۔ کراچی میں مون سون گزارنے کے بعد اُن کے خیالات میں یکسر تبدیلی آگئی ہے۔ بارش کے دوران کراچی جیسے بڑے شہر کے حالات دیکھ کر دل ڈوب جاتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں کراچی والوں کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ کرے سب کے جان و مال محفوظ رہیں۔ (آمین)۔
 

Advertisement