اداکار فیروز خان نے کنگنا رناوت کو پاکستان میں ’چائے‘ کی دعوت دیدی

Published On 01 September,2020 04:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور اداکار فیروز خان نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت پر طنز کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں چائے پینے کی دعوت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی فلم ’’تیجس‘‘ کا پوسٹر شیئر کیا تھا جس میں کنگنا رناوت ایک جنگی جہاز کے سامنے پائلٹ کا یونیفارم پہنے کھڑی ہیں۔ اس پوسٹر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کنگنا اس فلم میں بھارتی خاتون پائلٹ کا کردار نبھارہی ہیں۔ تاہم پاکستانی ابھی تک بھارت کے بزدل پائلٹ ابھینندن کونہیں بھولے ہیں اور نا ہی بھارتیوں کو بھولنے دیں گے۔

اداکار فیروز خان نے کنگنا رناوت کا پوسٹر ری شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں انہیں پاکستان میں چائے پینے کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ ’’نیا جہاز؟ کبھی ہمارے ساتھ چائے پینے کے لیے آئیں‘‘۔

اداکارہ کنگنا رناوت پاکستان کے خلاف اکثر زہر اگلتی ہوئی نظر آتی ہیں اور بعض اوقات تو ان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ پاکستان دشمنی میں انتہا پسند ہندوؤں سے بھی آگے بڑھ گئی ہیں۔

لہذا فیروز خان نے کنگنا رناوت پر طنز کرتے ہوئے اس ٹوئٹ کے ذریعے انہیں بھارت کے بزدل پائلٹ ابھی نندن کی یاد دلائی ہے جو پاک فوج کے ہاتھوں شرمندگی اٹھاکر اور پاکستانی چائے کی تعریف کرکے واپس بھارت گیا تھا۔