ممبئی: (ویب ڈیسک) سالگرہ منانے کے لیے اہلخانہ کے پاس امریکا جانے والے بھارتی گلوکار کمار سانو نے ایس او پیز کے تحت کورونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا جس پر فضائی سفر کو معطل کرکے وہ گھر ہی میں قرنطینہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 90ء کی دہائی میں شہرت کی بلندی کو چھونے والے پلے بیک سنگر کمارسانو میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور ان میں کسی قسم کی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گلوکار نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
62 سالہ کمار سانو کو کورونا میں مبتلا ہونے کا پتہ اُس وقت چلا جب وہ اپنی سالگرہ منانے اہلیہ اور بیٹیوں کے پاس لاس اینجلس جانے کی تیاری کررہے تھے تاہم پرواز سے پہلے کورونا ٹیسٹ کی شرط کی وجہ سے علامتیں نہ ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرایا جو حیران کن طور پر مثبت آگیا۔
کمار سانو کی اہلیہ سلونی نے بتایا کہ اگر وہ تب تک ٹھیک محسوس کرتے ہیں تو وہ 8 نومبر کو امریکا آئیں گے اور اگر وہ نہ آسکے تو ہم سب ان کے ساتھ تہوار منانے ممبئی جائیں گے۔