لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی پاکستانی جنت مرزا بھی ایپ پر پابندی کی حامی نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نامناسب اور غیراخلاقی مواد کو ہٹانے میں ناکامی پر سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر 9 اکتوبر سے پابندی لگادی گئی ہے۔ ملک میں ٹک ٹاک کی بندش پر عوام کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستان میں سب سے زیادہ ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاکر جنت مرزا نے ایپ پر عارضی پابندی سے اتفاق کیا ہے لیکن مستقل پابندی کی مخالفت کی۔
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے پابندی لگانے کے بعد جنت مرزا نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں اس وقت جاپان میں ہوں اور مجھے پاکستان سے کال آئی تھی کہ وہاں ٹک ٹاک پر پابندی لگادی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد
پاکستانی ٹک ٹاکر نے کہا کہ میری نظر میں یہ ایک بہت اچھا قدم ہے کیونکہ گزشتہ کچھ دنوں سے ٹک ٹاک پر کافی زیادہ بدتمیزی ہورہی تھی۔ اگر یہ عارضی طور پر بند کی گئی ہے تو میرے خیال سے اب قواعد و ضوابط کے ساتھ ہی ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹائی جانی چاہیے۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ اگر ٹک ٹاک پر مستقل پابندی عائد کی گئی تو یہ مناسب نہیں ہے کیونکہ ٹک ٹاک پر کافی لوگ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے تھے، انہیں مختلف آفرز مل رہی تھیں اور وہ اپنا کیریئر بنارہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کا پاکستانی حکام سے رابطہ، تحفظات دور کرنیکی پیشکش
انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ ٹک ٹاک پر مستقبل پابندی نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ عارضی پابندی کے بعد معیاری قواعد کے ساتھ واپس آئے تاکہ وہ لوگ جو اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں ان کے پاس ایک پلیٹ فارم موجود ہو۔