لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے ’انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹول‘ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ماہرہ خان کو ایوارڈ اپنی فلم ’ہو من جہاں‘ میں بہترین اداکاری پر دیا گیا ہے، فیسٹیول میں فلم ’ہو من جہاں‘ کو بھی سپیشل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اپنے ایوارڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ ’ساوتھ ایشین فورم فور آرٹ اینڈ کری ایٹیو ہیریٹیج‘ کے زیر اہتمام پہلے ’انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ انعقاد کیا گیا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل فلم فیسٹیول ہے جس میں فلموں کی نمائش کے ساتھ ورک شاپس، ماسٹر کلاسز کا انعقاد اور میوزیکل کانسرٹس بھی شامل ہیں۔
فلم فیسٹول میں چار فلمیں پاکستان کی نمائندگی کریں گی جن میں فلم ساز جمشید محمود المعروف جامی کی فلم ’مور‘، عدنان سرور کی ’موٹر سائیکل گرل‘، شاہد ندیم کی ’پاکستانز بیسٹ کیپٹ سیکریٹس‘ اور نئے فلم ساز اقران رشید کی فلم ’عادت‘ شامل ہے۔
ہو من جہاں تین نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو موسیقی سے دلچسپی رکھتے ہیں اور گریجویشن کے بعد ایک میوزک بینڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ فلم خاندانی تقاریب، دوستانہ ملاقاتیں اور چائے ڈھابے پر ملنے جیسی دنیا پر مشتمل ہے۔
فلم میں منیزے کا کردار ماہرہ خان، نادر کا عدیل حسین اور ارحان کا کردار شہریار منور نے نبھایا ہے۔ ارحان گھر چھوڑ کر ایک مقامی ریسٹورنٹ میں گیٹار بجانے کی ملازمت کرنے لگتا ہے۔
منیزے طلاق شدہ والدین کی بیٹی ہے اور کے ساتھ رہتی ہے، نادر ایک امیر لڑکا ہے جو اپنے والدین کے ساتھ رہتا ہے جبکہ ارحان بالکل مختلف ماحول میں پلتا بڑھتا ہے۔ تینوں دوست خاندان، دوستی اور کیرئیر سے وفاداری کے باعث الگ ہوجاتے ہیں۔