لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی بھارتی اہلیہ اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا بھی اپنے ملک کے بجائے پاکستانی ڈراموں کی دیوانی نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پاکستانی ڈراموں کو حقیقت کے قریب اور پسند کیا جاتا ہے، جبکہ بھارتی ڈراموں میں بے حیائی کے باعث لوگ تنقیدی نشتر چلاتے ہیں، بھارتی اور کشمیری عوام حالیہ عرصے کے دوران پاکستانی ڈراموں کے دیوانے بنے ہوئے ہیں، اسی فہرست میں ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں جو آج کل پاکستانی ڈراما سیریل ’’میرا دل میرا دشمن‘‘ دیکھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی نجی چینل پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل ’’میرا دل میرا دشمن‘‘ حال ہی میں اپنے اختتام کو پہنچا ہے ڈرامے میں علیزے شاہ، یاسر نواز اور نعمان سمیع نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور یہ ڈراما پاکستانی شائقین میں کافی مقبول ہوا تھا۔
شعیب ملک کی اہلیہ اور ٹینس سٹار نے انسٹاگرام سٹوری میں بتایا کہ وہ دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ہاتھ میں کیمومائل چائے کا کپ پکڑی ہوئی ہیں، انہوں نے سٹوری میں لکھا بیٹے کو سلانے کے بعد کیمو مائل چائے کا کپ اور ’’میرا دل میرا دشمن‘‘۔