لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور اداکارشان شاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ملک میں جمہوریت کی آخری اُمید بھی قرار دیدیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران ٹیلی وژن اور سوشل میڈیا پر مواد کی نشر و اشاعت کے حوالے سے شان شاہد کا کہنا تھا کہ اگرچہ بیرون ممالک سے تفریحی مواد کو ایکسپورٹ کیا جاسکتا ہے تاہم اسے اپنی ثقافت اور تحفظ کے لیے فلٹر کیا جانا چاہیے۔
ملک میں ٹی وی، سوشل میڈیا اور دیگر تفریح فراہم کرنے والے اداروں پر بڑھتی سینسرشپ کے حوالے سے اداکار شان شاہد کا کہنا تھا کہ حکومت نجی ٹی وی چینلز کے مواد پر کنٹرول نہیں رکھ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی چینلز کا مواد حکومتی دائرہ کار میں نہیں آتا، نجی چینلز جیسا مواد چاہیں گے، ویسا دکھائیں گے لیکن اس ضمن میں پی ٹی وی کو جاگنا چاہیے۔
انہوں نے پی ٹی وی پر نشر ہونے والے مواد پر غیر واضح انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کنٹرول سرکاری ٹی وی کے مواد پر ہوسکتا ہے اور سرکاری ٹی وی کو جاگ جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاست طاقتور اور بےاختیار افراد کے درمیان کا کھیل ہے: اداکار شان شاہد
شان شاہد نے سوال کیا کہ جس طرح کا مواد وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں، کیا اس طرح کا مواد پی ٹی وی بنا رہا ہے؟ اگر پی ٹی وی وزیر اعظم کی خواہش کے مطابق مواد تیار کر رہا ہے تو وہ ضرور سرکاری ٹی وی کا مواد دیکھنا چاہیں گے۔
ساتھ ہی اداکار نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ پی ٹی وی پر پروگرامنگ کون کر رہا ہے اور وہ وزیر اعظم کی خواہشات کے مطابق مواد تیار کر رہے ہیں یا نہیں؟
شان شاہد نے بھارتی مواد کو بھی ملک میں چلانے کی حمایت کی تاہم ساتھ ہی کہا کہ بھارتی مواد کو فلٹر کرکے چلایا جائے، کیوں کہ آج کل فلموں اور تفریحی مواد کے ذریعے بھی جنگیں لڑی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سمیت مسلم ممالک اور خصوصی طور پر مشرق وسطی ممالک کو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنی پڑے گی تاکہ ایسا مواد تیار کیا جا سکے کو ہماری تاریخ اور تہذیب سے قریب ہو۔
یہ بھی پڑھیں: زلفی بخاری اور اداکار شان شاہد کی ملاقات، فلم انڈسٹری سے متعلق مختلف امور پر گفتگو
شان شاہد نے گفتگو کے دوران پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ارطغرل غازی ڈرامے پر بھی بات کی اور اسے اچھا ڈراما قرار دیا تاہم ساتھ ہی کہا کہ پاکستانی شائقین کے لیے ایسے ڈرامے بنائے جانے چاہئیں جن سے معلوم ہو کہ ہمارے خطے میں اسلام کیسے پہنچا؟
اپنے انٹرویو میں انہوں نے سیاست پر بھی بات کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ملک میں جمہوریت کی آخری اُمید بھی قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کا پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔