ممبئی: (روزنامہ دنیا) مشہور ڈائیلاگ ’’کوا بریانی‘‘ کی وجہ سے پہچانے جانے والے بھارتی اداکار وجے راز کو ضمانت پر رہا کردیا گیا، انہیں جنسی ہراسانی کے کیس میں گرفتارکیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 57 سالہ وجے راز کو 2 روز قبل ریاست مہاراشٹر کے شہر گونڈیا کے ہوٹل سے گرفتار کیا گیا، ان پر الزام ہے کہ اُنہوں نے فلم ’’شیرنی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکارہ کو جنسی ہراساں کیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے موقف اپنایا تھا کہ وجے راز ان کو 3 دن تک جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے۔ وہ جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے وہیں روزانہ شام کے وقت غیر اخلاقی طور پر چھوتے رہے جس سے ان کو شدید پریشانی اور ناقابل بیان ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس ہوٹل میں متاثرہ اداکارہ اور وجے رہائش پذیر تھے وہاں بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن سمیت 50 دیگر لوگ بھی موجود تھے تاہم کسی نے واقعے سے متعلق کوئی ردعمل نہیں دیا۔
وجے کے خلاف شکایت پرمقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن جب وجے راز کو تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تو وہ پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں گرفتار کرنا پڑا اور گزشتہ روز ان کی ضمانت ہو گئی۔