ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ نگری میں میں منشیات کے مبینہ استعمال کی تحقیقات میں بھارت کی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے معروف کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایک تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو منشیات رکھنے پر پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ایک اور این سی بی افسر نے بتایا کہ ایک منشیات فروش نے تحقیقات کے دوران بھارتی کا نام بھی لیا تھا اس لئے انہیں پکڑا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جون کے مہینے میں موت کے بعد بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا تھا۔
ایک ماہ قبل اداکار ارجن رامپال کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی تھی اور انہیں گرل فرینڈ گبریلا ڈیمیٹریا ڈس سمیت سوال جواب کے لئے طلب کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے رامپال سے پوچھ گچھ کا سلسلہ 6 گھنٹے جاری رہا جبکہ ان کی گرل فرینڈ سے 12 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔