لاہور: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے اہلیہ کی جانب سے طلاق کے مطالبے کے بعد خود پر لگائے گئے الزامات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں برس مئی میں نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور بعد ازاں طلاق کا مطالبہ کردیا تھا۔ ابتدائی طور پر اہلیہ عالیہ صدیقی نے ان پر کوئی الزامات نہیں لگائے تھے تاہم بعد ازاں میڈیا میں ان کے حوالے سے کئی طرح کی خبریں آئیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں بلیک میل بھی کرتے رہے۔
اس سے قبل بھی ایسی خبریں آئی تھیں کہ نوازالدین صدیقی نے بیوی پر شک کرتے ہوئے نجی جاسوسوں سے ان کی جاسوسی کرائی تھی تاہم اب نوازالدین صدیقی نے بیوی کی جانب سے طلاق مانگے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے مختصر طور پر کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں۔
واضح رہے کہ نوازالدین اور عالیہ 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے درمیان 5 سال تک اچھے تعلقات رہے تاہم 2015 سے اختلافات کی خبریں آنا شروع وہ گئیں جس کے بعد تعلقات مزید کشیدہ ہوتے چلے گئے۔