دراز قد اداکارہ حبا بخاری: سپورٹنگ ایکٹریس سے لیڈنگ ایکٹریس بننے تک کا سفر

Published On 27 December,2020 06:30 pm

کراچی: (دنیا میگزین) نئی نسل کی اداکارہ حبا بخاری نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 2015ء میں معاون اداکارہ کے طور پر ڈرامہ سیریل ’چھوٹی سی زندگی‘ سے کیا تھا۔

اس سیریل میں مرکزی کردار اداکارہ و ماڈل اقرا عزیز نے کیا تھا۔ 27 جولائی 1993ء کو کراچی میں جنم لینے والی حبا بخاری کامرس گریجویٹ ہیں۔ ان کے دو بھائی اور ایک بہن ہیں۔ ان کے خاندان میں اس سے قبل کوئی شوبز انڈسٹری میں نہیں آیا۔

ان کی مرکزی کردار میں سیریل تیری میری جوڑی، تھوڑی سی وفا، بھولی بانو، ہارا دل، سلسلے، رمز عشق، دیوانگی اور تڑپ شامل ہیں۔ ڈراما سلسلے میں حبا بخاری نے حرا نامی لڑکی کے کیریکٹر میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا خوب اظہار کیا جو اس کی خاص پہچان بن گئی ہے تاہم اس حسینہ کے کریڈٹ پر خاصا عمدہ کام ہے اور اگر یہ دیکھنا ہو کہ ایکٹنگ صلاحیتوں کے معاملے میں حبا بخاری کہاں کھڑی ہیں تو اس اداکارہ کا انتہائی ہٹ پلے بھولی ’بانو‘ دیکھا جا سکتا ہے جس میں حبا نے بانو کا بھولا بھالا کردار بے حد خوبی سے کیا اور ناظرین کی توجہ حاصل کی۔

2020ء میں ان کے کریڈٹ پر ’’ دیوانگی ‘ اور ’’ تڑپ ‘‘ نمایاں ہیں جس میں ان کی کردارنگاری نے ناظرین پر ایسے نقوش چھوڑے ہیں جس کے بعد ڈرامہ انڈسٹری میں انہوں نے نامور فنکارائوں کی فہرست میں اپنا نام لکھوالیا ہے۔ ایکٹنگ منظر پر ابھرتی ہوئی اس اداکارہ نے ٹی وی کمرشلز میں بھی خاصا کام کیا ہے ۔ابھی حبا بخاری اپنی اُس طرح کی شناخت بنانے میں مصروف ہے کہ جب وہ گھر گھر پہچانی جانے لگے تاہم اس کی دلکشی و ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ آنے والا وقت اس اداکارہ کا ہوسکتا ہے ۔چھوٹی اسکرین پر کئی فکشن شوز کرنے کے باوجود ناظرین حبا کے بارے میں بہت کچھ نہیں جانتے سو اس کے چاہنے والوں کے لیے یہاں حبا کی ذای و پیشہ وارانہ زندگی کے حوالے سے گفتگو پیش خدمت ہے۔

دنیا : اپنے بارے میں کچھ بتائیں ؟

حبا بخاری: میرا بنیادی تعلق روشنیوں کے شہر کراچی سے ہے۔7 2 ، جولائی 1993 ء کو میری پیدائش ایک مڈل کلاس فیملی میں ہوئی۔ کراچی کے متوسط طبقے کے حامل علاقے ناظم آباد میں میرا بچپن گزرا اور یہیں میری ابتدائی تعلیم کا آغاز ہوا۔ مقامی کالج سے گریجویشن کیا۔بچپن ہی سے ایکٹنگ کا شوق تھا اور کم عمری میں لوگوں کی نقلیں اتار کر اپنے شوق کی تسکین کیا کرتی تھی،گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ایکٹنگ کے لیے میرے جنون میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور جب کالج کی تعلیم سے فارغ ہوئی تو فیصلہ کرلیا کہ شوبز ورلڈ جوائن کرکے شائننگ اسٹار بنوں گی۔

دنیا :شوبز کیریئر کی ابتدا کیسے ہوئی ؟

حبا بخاری: تعلیم سے فارغ ہوتے ہی میں نے شوبز میں انٹری کے لیے کوششیں شروع کر دیں‘ گلیمر ورلڈ میں سفر کا آغاز ماڈلنگ سے ہوا، ابتدائی طور پر چھوٹے موٹے فوٹو شوٹس کروائے اور پھر ٹی وی کمرشلز کی آفرز آنے لگیں جن کے ذریعے مجھے منظر پر نمایاں ہونے کا موقع ملا لیکن ٹی وی کمرشلز میری منزل نہیں تھے، میں اسکرین پر اداکارہ کی حیثیت سے خود کو منوانا چاہتی تھی لہٰذا ایکٹریس بننے کے لیے میری کوششیں جاری رہیں،آخر میری جدوجہد رنگ لائی اور 15 ء میں نجی ٹی وی سیریل چھوٹی سی زندگی کے ذریعے میرااداکارہ بننے کا خواب سچ ہوگیا،کیریئر کے اس پہلے پلے میں مجھے سپورٹنگ رول دیا گیا تھا جس میں اپنی جان دار اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا یہاں تک کہ ناقدین بھی میری پرفارمنس کی داد دیئے بغیر نہ رہ پائے۔اپنے پہلے ہی پلے میں اداکاری کی زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے بتا دیا کہ اگر اچھے مواقع ملے تو وہ شوبز ورلڈ پر راج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گو کہ ایکٹنگ کیریئر کی عمر ابھی محض 5 برس ہی ہوئی ہے لیکن اس تھوڑے سے عرصے میں مختلف کردار بے حد مہارت سے کرکے خود کو ایک ورسٹائل ایکٹریس ثابت کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ سپورٹنگ ایکٹریس سے لیڈنگ ایکٹریس بننے تک کا سفر میں نے بہت تیزی سے طے کیا۔

دنیا : کہا جاتا ہے کہ آپ کے چہرہ کا بھولا پن ڈرامہ والوں کے لئے لکی ثابت ہوا ہے؟

حبا بخاری: ٹی وی ورلڈ میں باصلاحیت اداکاراؤں کی کوئی کمی نہیں، ایک سے بڑھ کر ایک نظر آتی ہے البتہ نمایاں وہی ہوپاتی ہے جس میں کچھ خاص خوبی ہو، میں اگر دوسروں سے منفرد ہوں تو اس کی وجہ چہرے پر موجود وہ بھولاپن ہے جومجھے اس طرح کے بھولے بھالے کیریکٹرز کے لیے پرفیکٹ بناتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ابھی تک میں نے عموماً اسی ٹائپ کے کیریکٹرز کیے ہیں اور ان میں مجھے بھرپور پسندیدگی ملی ہے تاہم اس کے باوجود میں نے خود کو ٹائپ کاسٹ ہونے سے بچایا ہے تو یہ میری ذہانت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دنیا : اپنے مختصر فنی کیریئر میں اب تک کتنے ڈرامے کامیاب رہے ؟

حبا بخاری: اپنے کیریئر پر نظر ڈالتی ہوں تو اب تک 5 سال کے کیریئر میں میرے کریڈٹ پرتڑپ ، دیوانگی، سلسلے ، تیری میری جوڑی‘ تھوڑی سی وفا‘ تیری میری کہانی‘ اور بھولی بانو‘ شامل ہیں‘ ان میں کامیابی کا تناسب ٹھیک ٹھاک ہے کہ بیشتر سیریلز ہٹ ہوئیں اور یوں مجھے اپنی شناخت بنانے کا موقع ملا‘ یہ تمام سیریلز دیکھا جائے تو کسی نہ کسی لحاظ سے ہٹ رہیں۔

دنیا : بڑا بریک اپ کس ڈرامے سے ملا ؟

حبا بخاری: کیریئر کا بڑا بریک انتہائی پاپولر پلے بھولی بھانو کے ذریعے ملا،اس ڈراما سیریل میں بانو کا ٹائٹل رول اس قدر خوبی سے نبھایا کہ دیکھنے والے میری بھولی بھالی صورت پر گویامرمٹے۔اس کردار سے ہی مجھے صحیح معنوں میں شناخت و پہچان ملی اور میری فین فالوئنگ میں اضافہ ہوا،بھولی بانو کے کردار میں اپنی بھولی صورت کا خوب استعمال کیا اور یوں اس ڈراما سیریل سے لاکھوں نہیں تو ہزاروں کی فیورٹ بن گئی یوں یہ کردار میری ایسی شناخت بن گیا کہ ٹی وی دیکھنے والے اسے اسی حوالے سے زیادہ جانتے ہیں ۔

دنیا : رواں برس میں کون سے ڈراموں نے آپ کا فنی قد بڑھایا ؟

حبا بخاری: 2020 ء کا برس کورونا وائرس کی نظر ہوگیا اس کے باوجود اس دوران میرے دو ڈرامہ سیریل دیوانگی اور تڑپ نے مجھے ناظرین کے دلوں میں بسا دیا ہے۔ان دونوں سیریلز میں میری پرفارمنس کو بہت پسند کیا گیا ہے۔ میری دوستوں کا کہنا ہے کہ اب تک اگر تم کو کوئی ایوارڈ نہیں ملا ہے تو اب ان دونوں سیریلز میں عمدہ کردارنگاری پر تم صف اول کی اداکارہ کا ایوارڈپانے میں کامیاب ہو جاؤ گی۔

دنیا : کیا وجہ ہے کہ رونے دھونے کے کردارہی میں نظر آرہی ہیں؟

حبا بخاری: ایسی کوئی بات نہیں، فنکار کو ہر قسم کے کردار کرنے پڑتے ہیں۔المیہ کردار کرکے مجھے مزہ آتا ہے۔اس میں پرفارمنس کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں۔

دنیا: یوں آپ کو ایک چھاپ نہیں لگ جائے گی ؟ یکسانیت کا شکار ہونے کا بھی امکان ہے؟

حبا بخاری: کسی حد تک آپ کی بات درست ہے لیکن فنکار کو رائٹر کے کردار کے مطابق رول دیا جاتاہے ہم ایک جیسا کردار کرنے کے حق میں نہیں مگر ہماری ڈیمانڈ میں اضافہ ہماری مجبوری بن جاتاہے۔ اس کے باوجود میری کوشش ہوتی ہے کہ ورائٹی اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لئے کرداروں میں ڈوب کر اداکاری کرتی ہوں۔

دنیا : دراز قد ہونے کے باوجود ماڈلنگ کی دنیا کے بجائے اداکاری کو ترجیح دینے کا کیا سبب ہے؟

حبا بخاری: میرا قد 5 فٹ 6 انچ ہے جو ماڈل کے لئے آئیڈیل قرار دیا جاتا ہے۔فیشن انڈسٹری میں دراز قد لڑکی کو یقیناً ترجیح دی جاتی ہے اس کو ہاتھوں ہاتھ لیا جاتاہے لیکن میری بھی کوئی حد مقرر تھی اپنے والدین کو ایک فنکارہ کے طور پر شناحت دینا چاہتی تھی میرا شوق تھا ۔ ماڈلنگ صرف شوبز کی دنیا میں آنے کے لئے پہلا درسوچ کر جوائن کیا اور اداکاری کے مواقع ملے تو پھر میری پہلی ترجیح اداکاری رہی اوررہے گی۔


دنیا : شوبز فیلڈ میں آنے کی مخالفت کسی نے کی ؟

حبا بخاری: میری والدہ ٹیچر ہیں اور والد بزنس مین دونوں کے درمیان سنڈوچ بننے کے بجائے اداکاری کو ترجیح دی ۔ویسے میرے والد کی خواہش تھی کہ میں بزنس کی جانب آئوں اور میری تعلیم بھی بزنس کے حوالے ہی سے ہوئی۔میرا شوق بچپن سے اداکاری کا تھا جو ان دونوں کی آشیرباد سے پورا ہوا ان کا احسان ہے کہ وہ اپنی بیٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ ان کو کوئی شکایت کا موقع نہ دوں ۔

دنیا : ذاتی زندگی کے بارے میں بتائیں کب تک شادی کا ارادہ ہے؟

حبا بخاری: شوبز کی دنیا میں اسکینڈلز بن جاتے ہیں یا بنائے جاتے ہیں۔ میرے حوالے سے ایسی کوئی خبریں نہیں ہوں گی کہ میں کسی کے ساتھ ڈیٹنگ وغیرہ کررہی ہوں، میری والدہ ایک ٹیچر اور والد بزمین ہیں ، فی الحال میری ساری توجہ کیریئر پر ہے اور چاہتی ہوں کہ ایکٹنگ ورلڈ میں کچھ ایسے کردار کر جائوں کہ لوگ اسے مدتوں یاد رکھیں۔جہاں تک شادی کی بات ہے تو اس کا اختیار میں نے اپنے گھر والوں کو دے دیا ہے، وہ لوگ اس کے لیے جیسا بھی جیون ساتھی چنیں گے،اسے قبول ہوگا۔

دنیا : کھانے میں کیا پسند ہے ؟

حبا بخاری: سبزی خور ہوں ، سبزیاں پسند ہیں۔

دنیا : ملکی سیاست دانوں میں کون پسند ہیں؟

حبا بخاری: کوئی ناراض ہو یا خوش مجھے اس کی پرواہ نہیں مجھے مریم نواز پسند ہیں۔

دنیا : اپنے فینز کو کوئی پیغام دینا چاہیں گی ؟

حبا بخاری: فنکاروں کی بھی اپنی زندگی ہوتی ہے وہ ڈراموں میں آپ لوگوں کو تفریح فراہم کرتے ہیں ان کے ساتھ ہمیشہ درست رویہ رکھیں ۔ان کی مقبولیت و شہرت ان کو محدود کرتی ہے اگر وہ سر راہ آپ لوگوں سے مل نہ سکیں تو ان کی مجبوریوں کا خیال کیا کریں۔آپ لوگوں کی پسندیدگی ہی ہمیں نئی فنی زندگی دیتی ہے۔ اپنے ملک کے ڈراموں اور فلموں کو ترجیح دیں اورسچے پاکستانی بن کر ملک کی حفاظت کرنے کا عزم رکھیں۔

تحریر: مرزا افتخار بیگ