لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈراموں کی سینئر اداکارہ بشری انصاری نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شادی کے فوری بعد طلاق لینا چاہتی تھی تاہم اپنی بیٹیوں کی وجہ سے 36 سال بعد خود خلع لی اور مجھے کوئی پھچتاوا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق نومبر 2019 میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ لیجنڈ اداکارہ بشریٰ انصاری نے ضعیف العمری میں دوسری شادی کرلی۔ خبریں تھیں کہ بشریٰ انصاری نے اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی، تاہم ایسی خبروں کے بعد تاحال اداکارہ نے اس ضمن میں کوئی وضاحت نہیں کی لیکن اقبال حسین نے نومبر 2019 میں ہی مختصر طور پر کہا تھا کہ ان کی اور بشریٰ انصاری کی شادی کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔
اب بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنی شادی، طلاق اور ذاتی زندگی پر قدرے کھل کر بات کی ہے، تاہم اس باوجود انہوں نے دوسری شادی پر بات نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: میرا شادی کا ارادہ نہیں، شیخ رشید میرے بھائی ہیں: حریم شاہ
میرا سیٹھی کو دیے گئے انٹرویو میں بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انکی شادی 20 سال کی عمر سے قبل ہی ہوگئی تھی۔ میرے والد سخت گیر تھے اور انہوں نے ریڈیو میں کام کرنے کی آزادی دے رکھی تھی تاہم کچھ سختیاں بھی کی ہوئی تھیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ جب انکی شادی کو 3 ماہ گزرے تھے تو سابق آرمی چیف ضیاء الحق نے مارشل لگا دیا تھا جس کے بعد انہوں نے اس وقت فلم بورڈ کو بند کردیا اور ان کے والد بے روزگار ہوگئے۔ میرے والد اس وقت فلم بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تھے، تاہم ضیاء الحق نے یہ کہہ کر فلم بورڈ کو بند کردیا کہ فلمیں بنانا گناہ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ان کی عمر 20 سال تھی اور ان کی شادی کو تین ماہ گزر چکے تھے۔ اگرچہ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد انہیں طلاق کا خیال آیا تھا مگر وہ بیٹیوں کے کم عمر ہونے کی وجہ سے خاموش ہوگئی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق جب پہلی بار انہیں طلاق لینے کا خیال آیا، اس وقت ان کی بچیاں سکول جاتی تھیں اور انہوں نے یہ سوچ کر طلاق لینے کا فیصلہ ٹال دیا کہ لوگ ان کی بچیوں کو کیا کہیں گے؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق مشکلات میں پھنسی شادی شدہ زندگی سے نکالنے کا ایک راستہ ضرور ہے مگر لازمی نہیں کہ ہر ایک اسی راستے کا انتخاب کرے۔ شادی کے 36 سال بعد انہوں نے خود طلاق لی اور انہیں اس پر کوئی پھچتاوا نہیں۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ جب ان کی بیٹیوں کی شادیاں ہوگئیں اور ان کے بچے بھی ہوگئے، تب انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا اور اس میں کوئی شرمندگی کی بات نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دراز قد اداکارہ حبا بخاری: سپورٹنگ ایکٹریس سے لیڈنگ ایکٹریس بننے تک کا سفر
انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے ان کی شادی کراتے وقت نکاح میں ایسا معاہدہ کر رکھا تھا کہ جب بشریٰ چاہیں گی، طلاق لیں گی، اسی معاہدے کے باعث ہی ان کا طلاق لینا آسان بوا۔
انٹرویو میں انہوں نے فنی کیریئر پر بھی بات کی اور کہا کہ آج کل کے زمانے میں پروڈیوسرز و ڈائریکٹرز پرانے زمانے کی طرح کی کہانیاں نہیں دکھانا چاہتے اور اسی وجہ سے ہی نورالہدیٰ شاہ جیسے لکھاری آج کل ڈرامے کم لکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی سمجھتی ہیں کہ وہ نئے زمانے کی روایات پر نہیں چل سکتیں، اس لیے ڈراما انڈسٹری سے کچھ دور رہتی ہیں۔
انہوں نے حالیہ دور کے شاہ رخ خان کو اپنا پسندیدہ ہیرو قرار دیا، ساتھ ہی پاکستانی اداکاروں میں سے بلال اشرف اور شہریار منور کو بہترین قرار دیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اقرا عزیز کی اداکاری کی تعریف کی اور کہا کہ ان میں کردار میں ڈھل جانے کی مہارت ہے اور وہ آنکھوں سے کردار میں ایسا ڈھل جاتی ہیں کہ انہیں ان پر رشک آتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے انٹرویو کے دوران اگرچہ کم عمری میں اپنی شادی اور طلاق پر کھل کر بات کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کب طلاق لی تھی اور کیا واقعی انہوں نے دوسری شادی کی ہے یا نہیں؟