کسانوں کے حق میں ٹویٹ، ریحانہ نے سو کروڑ لئے: کنگنا رناوت

Published On 06 February,2021 09:12 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھارتی احتجاجی کسانوں کے حق میں ٹویٹ کرنے کیلئے 100 کروڑ بھارتی روپے لیے ہیں۔

ہالی ووڈ پاپ سٹار ریحانہ نے بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں ٹویٹ کیا کر دیا کنگنا رناوت ہاتھ دھو کر ان کے پیچھے پڑگئی ہیں۔ پہلے تو انہوں نے ریحانہ کو بیوقوف کہا اور اب کہہ رہی ہیں کہ گلوکارہ نے پیسے لئے ہیں۔

بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ امریکی گلوکارہ جس نے عالمی وبا کے حوالے سے آج تک کچھ نہیں کہا، امریکی پارلیمنٹ پر ہونے والے ہنگامے پر ایک لفظ نہیں بولا، ایک دن اٹھتی ہے اور کسانوں کیلئے ٹویٹ کرتی ہے۔ اس نے ضرور اس ٹویٹ کیلئے کم از کم 100 کروڑ روپے وصول کئے ہوں گے۔