ممبئی:(روزنامہ دنیا) بھارت میں پولیس نے ہندو دیوتاؤں پر لطیفے سنانے کے جھوٹے الزام میں نوجوان مسلم کامیڈین منور فاروقی کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اندور پولیس نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ اداکار اپنی باری آنے پر ہندو دیوتاؤں سے متعلق لطیفے سنانے والا تھا۔بعد ازاں بھارتی پولیس نے بھی تسلیم کیا کہ انہیں توہینِ مذہب کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔تاہم پولیس نے 27 روز گزرنے کے باوجود منور فاروقی کو رہا نہیں کیا۔
بھارت میں مسلمانوں اور مسیحیوں سمیت اقلیتوں کے خلاف سخت گیر کارروائیاں معمول بن چکی ہیں،حتی کہ ان کامعمول کی زندگی بسر کرنا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے، کچھ عرصہ قبل بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو بھی مودی پارٹی بی جے پی کے رہنما نے دھمکیاں دی تھیں۔
انتہا پسند ہندو رہنما رام کدم نے الزام لگایا کہ سیف علی خان کی نئی ویب سیریز ‘‘تانڈو’’ میں دکھائے گئے ایک سین میں مسلمان اداکار ذیشان ایوب، ہندو دیوتا شیوا کا روپ دھارے ہوئے ہیں جو کہ مذاق اڑانے کے مترادف ہے حالانکہ اکثر فلموں میں ہندو اداکار بھی اپنے دیوتاوں کا روپ دھارتے ہیں۔
رام کدم نے مسلمان اداکار کو دھمکی دی کہ ان کی چوراہے کے بیچوں بیچ جوتوں سے پٹائی کریں گے۔ ہندو انتہا پسند رہنما نے ذیشان ایوب ، سیف خان اور ویب سریز کی پوری ٹیم سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔