فلم کی کہانی چوری کرنے پر کنگنا کے خلاف مقدمہ درج

Published On 14 March,2021 01:02 pm

ممبئی: (روزنامہ دنیا) ممبئی پولیس نے عدالت کے حکم پر اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کی عدالت میں مصنف نے درخواست دائر کی جس میں کنگنا رناوت پر کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنگنا نے بغیر پوچھے ان کی لکھی گئی کتاب کی کہانی کا کچھ حصہ بغیر پوچھے استعمال کیا ہے ۔مصنف کی درخواست پر عدالت نے ممبئی پولیس کو کنگنا رناوت کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ممبئی کی عدالت اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے ہرجانے سے متعلق کیس میں اداکارہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرچکی ہے۔