ممبئی:(روزنامہ دنیا) ٹیکس کی عدم ادائیگی اور ہیر پھیر کرنے پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اداکارہ تاپسی پنو اور ہدایت کار انوراگ کشیپ کے گھر چھاپہ مارا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ چھاپہ 2010 میں بننے والی فینٹم پروڈکشن سے جڑے اُن لوگوں کے گھر پر مارا گیا ہے جومبینہ طور پر ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا کے وزیر نے چھاپے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اُن لوگوں کے گھر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جو مودی حکومت اور اس کی پالیسی کے خلاف آواز اُٹھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں مودی حکومت کےمتنازع زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کو 100 روز گزر گئے، کسانوں کا موقف ہے کہ مودی بڑی کمپنیوں کو نوازنا چاہتے ہیں، کاشتکارغریب سے غریب تر ہو جائیں گے۔مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے کسانوں کی حمایت کی پاداش میں فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو خوفزدہ کرنے کے لئے پولیس اور ٹیکس اداروں کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ شروع کئے ہوئے ہے۔