ممبئی:(روزنامہ دنیا) کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود فلم کی شوٹنگ کرنے پر بھارتی اداکارہ گوہر خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود شوٹنگ پر جانے کی وجہ سے گوہر خان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔بی ایم سی (برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن) کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ انہیں علم ہوا کہ گوہر خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو وہ اداکارہ کے گھر گئے ۔گوہر خان گھر پر موجود نہیں تھیں ، انہیں بتایا گیا کہ اداکارہ شوٹنگ کیلئے باہر گئی ہوئی تھیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دوسری جانب ابھی تک گوہر خان کی جانب سے اس واقعے پر کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اداکارہ نے اپنے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی تھی۔