کولمبو: (ویب ڈیسک) مسز سری لنکا 2021ء کیلئے سٹیج پر لڑائی ہوئی جہاں پر فاتح حسینہ سے چند ہی لمحوں بعد تاج چھین لیا گیا۔ لڑائی کے بعد فاتح حسینہ کے سر پر چوٹیں آئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پشپیکا ڈی سلوا کو سرکاری ٹی وی چینل پر سب کے سامنے مسز سری لنکا کا تاج پہنایا گیا تھا۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد 2019ء میں مقابلہ جیتنے والی خاتون نے پشپیکا سے تاج چھین لیا اور دعویٰ کیا کہ مسز ڈی سلوا کی طلاق ہو گئی ہے لہذا یہ اعزاز نہیں دیا جاسکتا۔
2019 میں فاتح قرار دی جانے والی کیرولین جوری نے پشپیکا ڈی سلوا سے تاج چھینے کے بعد انتظامیہ کو مقابلے کا وہ قانون یاد کروایا جسکے مطابق مقابلے میں حصہ لینے والی خاتون کو شادی شدہ ہونا چاہیے، طلاق یافتہ نہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسز جوری نے وہاں پر موجود شائقین سے کہا کہ اس مقابلے میں قانون ہے، جو کہتا ہے کہ حصہ لینے والی کی شادی ہوئی ہو اور وہ طلاق یافتہ نہ ہو لہذا میں ایک ایسا قدم اٹھا رہی ہوں جس سے تاج دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون کو ملے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انھوں نے تاج دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون کے سر پر رکھ دیا۔ سب کچھ دیکھنے، سننے اور سہنے کے بعد پشپیکا ڈی سلوا آبدیدہ ہو کر سٹیج سے چلی گئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مقابلے کے منتظمین نے پشپیکا ڈی سلوا سے معافی مانگی ہے اور تصدیق کی کہ وہ طلاق یافتہ نہیں ہیں۔
فیس بک پر ایک پوسٹ میں ڈی سلوا نے بتایا کہ اپنے شوہر سے الگ ہو گئی تھیں تاہم وہ طلاق یافتہ نہیں ہیں۔ اپنے سر پر چوٹیں آنے کے بعد ہسپتال گئیں۔ جس طرح ان کی تضحیک کی گئی ہے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔
انہوں نے لکھا کہ ابھی میں طلاق یافتہ عورت نہیں ہوں۔ ایک اچھی عورت اور حقیقی کوئین وہ ہوتی ہے جو تاج حاصل کرنے میں دوسری عورت کی مدد کرے ناکہ ایسی عورت جو اس سے اس کا جیتا ہوا تاج بھی چھین لے۔