بھارتی مشہور اداکارہ بلڈ کینسر کی شکار ہو گئیں

Published On 01 April,2021 05:18 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ، انوپھم کھیر کی اہلیہ اور بی جے پی کی لوک سبھا کی رکن کرن کھیر بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انوپم کھیر اور ان کے بیٹے سکندر کھیر نے کرن کھیر کی بیماری کی تصدیق کی۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انوپم کھیر نے کہا کہ افواہوں سے صورتحال بہتر نہیں ہوتی لہذا میں اور سکندر سب کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ کرن میں ملٹیپل مائیلوما بلڈ کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔ میری اہلیہ کا علاج جاری ہے اور یقین ہے کہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوں گی۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ان کا علاج بہترین ڈاکٹرز کررہے ہیں، وہ ہمیشہ ایک فائٹر رہی ہیں اور آگے بڑھتی ہیں۔

انوپم کھیر نے مداحوں سے اہلیہ کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی اور کہا کہ ان سے بہت لوگ محبت کرتے ہیں تو ان کے لیے دعا کریں۔ مداحوں کی جانب سے تشویش اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انوپم کھیر کے علاوہ ان کے بیٹے سکندر کھیر نے بھی فوٹؤ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں والدہ کی بیماری کی تصدیق کی۔

کرن کھیر کی بیماری کی تصدیق سے متعلق مذکورہ بیان چندی گڑھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ ارن سود کے انکشاف کے بعد جاری کیا گیا۔

گزشتہ روز ارن سود نے کہا تھا کہ چندی گڑھ سے دوسری مرتبہ بھارتی پارلیمنٹ کی رکن بننے والی کرن کھیر بیماری کی تشخیص کی وجہ سے شہر سے باہر ہیں۔

خیال رہے کہ کرن کھیر کے لیے کچھ لوگوں کی جانب سے  لاپتا  اور  گمشدہ   کے الفاظ استعمال کیے جارہے تھے جس پر ارن سود نے یہ انکشاف کیا تھا۔

ارن سود نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ کرن کھیر میں نومبر 2020 میں بلڈ کینسر کی تشخیص اس وقت ہوئی جب 11 نومبر کو انہیں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے چندی گڑھ کے ہسپتال لے جایا گیا تھا جبکہ انہیں فریکچر یا کچھ اور نہیں ہوا تھا۔ کرن کھیر خود بھی حیران تھیں کیونکہ وہ گری بھی نہیں تھی کہ چوٹ لگنے ایسا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ کرن کھیر سے قبل بولی وڈ میں اداکار سنجے دت عرفان خان، رشی کپور، سونالی باندرے میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ عرفان خان اور رشی کپور بیماری سے کافی عرصے تک لڑنے کے بعد گزشتہ برس چل بسے تھے جبکہ سنجے دت اور سونالی باندرے نے موذی مرض پر کافی حد تک قابو پالیا۔
 

Advertisement