علی ظفر، میشا شفیع کیس: عدالت نے گلوکارہ کو دس اپریل کو طلب کر لیا

Published On 27 March,2021 05:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ضلع کچہری میں گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، عدالت نے میشا شفیع کو دس اپریل کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق علی ظفر اور میشا شفیع کیس کی سماعت ہوئی۔ گلوکارہ میشا شفیع کے وکیل اسد جمال عدالت میں پیش ہوئے۔ گلوکارہ میشا شفیع ٫عفت عمر٫ لینا غنی٫ فریحہ ایوب اور حسیم الزمان نے حاضری معافی کی درخواست دیدی،

گلوکارہ کے وکیل نے استدعا کی کہ میشا شفیع ملک سے باہر ہیں، حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میشا شفیع نے تاحال ضمانت کرائی نہ وہ گرفتار ہے حاضری معافی کی درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے۔

وکیل میشا شفیع نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا نوٹس نہیں بھیجا اس وجہ سے ضمانت نہیں کرائی۔ گلوکارہ آن لائن کےذریعے ایف آئی اے سے شامل تفتیش ہو چکی ہیں۔

عدالت نے میشا شفیع اور دیگر کی حاضری معافی کی درخواست پر بحث دس اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست پر ایف ائی اے سے رپورٹ طلب کر لی۔

ایف آئی اے نے میشا شفیع اور دیگر ملزمان کیخلاف چلان پیش کر رکھا ہے، ملزمان پر گلوکار علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا پرمہم چلا کر کردار کشی کرنے کا الزام ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس کی سماعت کی، ملزمان عفت عمر، لینا غنی فریحہ ایوب، علی گل، حسیم الزمان اور سید فیضان رضا ضمانت پر ہیں۔

وکیل علی ظفر نے کہا کہ ملزمان نے ساٸل کے خلاف ہتک آمیز پوسٹیں سوشل میڈیا پر لگاٸیں، ملزمان نے ٹویٹر، فیس بک اور لنکڈ ان پر پوسٹیں لگاٸیں اور علی ظفر کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

Advertisement