لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران خاموشی کے ساتھ کرکٹر شہزار محمد سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سوہائے علی ابڑو کو فلموں میں ان کی بولڈ پرفارمنس اور گانوں کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے، ان کی پہلی فلم ’انجمن‘ 2013 میں ریلیز ہوئی تھی جو ماضی کی مقبول فلم کا ریمیک تھی۔
سوہائے علی ابڑو کے شوہر شہزار محمد فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں اور وہ کرکٹر شعیب محمد کے بیٹے اور مایا ناز کرکٹر حنیف محمد کے پوتے ہیں۔
سوہائے علی ابڑو نے ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ڈراموں سے اداکاری کا آغاز کیا اور ان کا پہلا ڈراما ’من جلی‘ 2012 میں ریلیز ہوا۔
اس وقت تک سوہائے علی ابڑو 2 درجن سے زائد ڈراموں اور نصف درجن تک فلموں میں کام کر چکی ہیں اور انہیں ان کی پرفارمنس کی وجہ سے ایوارڈز بھی ملے۔
سوہائے علی ابڑو کا آخری ڈراما ’پریم گلی‘ گزشتہ برس ریلیز ہوا تھا اور اس وقت اداکارہ کچھ ٹی وی اور فلمی منصوبوں کی شوٹنگ میں مصروف تھی تاہم انہوں نے اچانک شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔
سوہائے علی ابڑو اور شہزار محمد کی شادی کے حوالے سے اداکار ہمایوں سعید نے ان کی شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں اداکارہ کو دلہا کے ساتھ عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ہمایوں سعید نے نئی زندگی کی شروعات کرنے پر سوہائے علی ابڑو اور شہزار محمد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ہمایوں سعید کی جانب سے سوہائے علی ابڑی کی شادی کی پوسٹ کیے جانے کے بعد دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان کی شادی کی پوسٹس کی گئیں۔
تاہم حیران کن طور پر خود اداکارہ اور ان کے دلہا شہزار محمد نے 22 مارچ کی صبح تک شادی سے متعلق کوئی پوسٹ نہیں کی تھی۔