عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی 3 فنکاراؤں کی پراسرار موت

Published On 18 March,2021 06:28 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) گزشتہ تین روز کے اندر اندر عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی 3 فنکاراؤں کی پراسرار حالت میں موت نے شوبز کی دنیا میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق ان میں ایک فنکارہ رائفہ الرز کا تعلق شام سے ہے لیکن وہ گزشتہ دس سال سے خانہ جنگی کے بعد ملک چھوڑ کر ہالینڈ میں رہائش پذیر تھیں۔

گزشتہ سوموار نامعلوم افراد نے چاقو کے وار کرکے انھیں شدید زخمی کر دیا تھا۔ انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھیں۔

ایمسٹرڈیم پولیس نے واقعے کی تفتیش کے ابتدائی مراحل میں ہی ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ جس کیخلاف قانونی کارروائی مکمل کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

پولیس گرفتار شخص کی شناخت تو ظاہر نہیں کی تاہم صرف یہ بتایا گیا ہے کہ اس کی عمر 33 سال ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے بطور مہاجر نیدرلینڈ میں رہائش پذیر ہے۔

پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی دوسری فنکارہ کا تعلق بھی الجزائر سے بتایا جا رہا ہے۔ ریم غزالی یہ فنکارہ بیماری کے باعث پیریس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھی۔

ہسپتال انتظامیہ اور ریم غزالی کے خاندان کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق تو کی گئی ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ مرحومہ کس مرض میں مبتلا تھیں۔

خیال رہے کہ ریم غزالی کا شمار فنون لطیفہ کی جدید آرٹسٹوں میں ہوتا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے اداکاری کیساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی اپنا نام کمایا۔

2004ء میں انھیں الجزائر کی ملکہ حسن کا بھی خطاب دیا گیا تھا۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ریم غزالی 2019ء سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔

گزشتہ چند روز کے اندر اندر وفات پانے والی تیسری گلوکارہ میادہ بسیلیس کا تعلق بھی شام سے تھا، مرحومہ کی عمر 54 سال تھی۔ اس بات کی تصدیق شامی حکومت نے خود کی ہے۔

شامی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میادہ بسیلیس ایک موذی مرض میں مبتلا تھیں۔ ہم اس افسوسناک خبر پر ان کے شوہر موسیقار سمیر کویفاتی سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
 

Advertisement