لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے قریبی دوست نینا کاشف کے ساتھ پروڈکشن کمپنی سلفری فلمز کے ذریعے اب پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے، ان کی پہلی ویب سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ ہے۔ دانیال ظفر اور شاہ ویر جعفری جلوے بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ شعیب ملک بھی انٹری ڈالیں گے۔
انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے اپنی آنے والی ویب سیریز ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ویب سیریز میں فواد خان اور شعیب ملک بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔ میں بہت خوش ہوں اور ان دونوں کی شکرگزار ہوں کہ یہ دونوں میری ویب سیریز میں کام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ میں زیادہ تر نوجوان اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر، معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، اداکارہ کنزیٰ ہاشمی اور خاقان شاہنواز شامل ہیں۔
ویب سیریز کی کہانی کرکٹ پر مبنی ہے۔ ماہرہ خان نے بتایا ان کی ویب سیریز کی کہانی دوستی، تعلقات، اتحاد، ناکامی، کامیابی، محبت اور جرات کے گرد گھومتی ہے۔
’’بارہواں کھلاڑی‘‘ کی کہانی شاہد ڈوگر نے تحریر کی ہے جب کہ عدنان سرور اس کے ہدایت کار ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ صبا فیصل، میرا سیٹھی اور سرمد کھوسٹ بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ پروڈیوسر نینا کاشف کا اپنی ویب سیریز کی کاسٹ کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم ایک خاص عمر کے لڑکوں کا انتخاب کرنا چاہتے تھے کیونکہ کہانی نوجوان کرکٹ ٹیم کی ہے۔ ویب سیریز کی زیادہ تر شوٹنگ لاہور میں کی گئی ہے۔