اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گلوکار شوکت علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ فن گائیکی میں شوکت علی کی خدمات کو سنہرے حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے شوکت علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی، زرداری نے شوکت علی مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں، معروف گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے،سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس
انہوں نے کہا کہ انتقال سے ملک ایک بہت بڑے گلوکار سے محروم ہو گیا ہے، شوکت علی کی فن کیلئے خدمات ہمشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر لکھا کہ معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، شوکت علی نے اپنے فن خصوصا پرجوش ملی نغموں سے پاکستان کا نام روشن کیا، پروردگار شوکت علی کو جنت الفردوس میں جگہ دے، اللہ رب العزت شوکت علی کے غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے بھی لوک فنکار شوکت علی کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی آواز سے پاکستانیت جگانے والے فنکار شوکت علی کے انتقال پر ہر پاکستانی کو دلی افسوس ہے۔ پاکستانیت کے جذبے سے گانے والے گائیک شوکت علی نے ولولہ انگیز ملی ترانوں سے دفاع پاکستان کی جنگوں میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی رنگ میں رنگی، لوک موسیقی کی ایک سریلی آواز سے قوم آج محروم ہو گئی۔ شوکت علی کی گائیکی میں علاقائی موسیقی اور درمیانے طبقے کے لوگوں کے احساسات کی جھلک نظر آتی تھی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین
گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی نامور گلوکار شوکت علی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی فن ثقافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان سے شوکت علی کی محبت بھی اپنی مثال آپ ہے۔ مر حوم کے ملی نغمے ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شوکت علی کو جنت الفر دو س میں اعلی مقام عطا فرمائے۔