وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، بھارت سے کاٹن منگوانے کی تجویز مسترد

Published On 01 April,2021 11:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں بھارت سے کاٹن منگوانے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس کے دوران بھارت سے کاٹن منگوانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ وفاقی کابینہ نے کاٹن درآمد کرنے سمیت بھارت کیساتھ 19 ماہ سے بند تجارت کھولنے کی تجویز مسترد کر دی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز پاک بھارت تجارت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگا درآمد کرنے کی تجویز دی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے اور ملکی سیاسی، اقتصادی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کورونا وبا اور ویکسی نیشن کے عمل پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کورونا ویکسین کی قیمت کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل تھی۔ الیکڑانک ووٹنگ مشین استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ رائٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 

Advertisement