اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ خزانہ محمد حماد اظہر، وزیرِ مواصلات مراد سعید، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بدولت خطے میں جہاں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہوگا وہاں علاقے کے مسائل کا موثر حل اور نوجوانوں کو نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،گلگت بلتستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جسے بروئےکار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیر اعلی کو ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے۔