لاہور: (دنیا نیوز) گلوکارہ میشا شفیع کو بڑا ریلیف مل گیا۔ سیشن کورٹ نے میشا شفیع کو عدالت پیش ہونے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔ سیشن کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک طلبی کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے ضلع کچہری میں سکیورٹی بانڈز جمع کروانے سے روک دیا۔ سیشن کورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے میشا شفیع نے ضلع کچہری میں طلبی کو سیشن کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔ میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہوں، علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، کورونا کی وجہ سے کینیڈین حکومت نے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے، لہذا ابھی پاکستان آنا ممکن نہیں ہے، تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں، سیشن کورٹ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔
اس کے علاوہ میشا شفیع کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ضلع کچہری کی جانب سے ایک لاکھ کے سیکیورٹی بانڈز جمع کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دے۔